وزیراعظم اور صدرِ ایران کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ،خطے میں کشیدگی اور امن کوششوں پر تبادلہ خیال
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف اورصدر اسلامی جمہوریہ ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہواہے۔
دونوں رہنماؤں کی گفتگو ایک گھنٹے سے زائد تک جاری رہی جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری کشیدگی اور امن کی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے ایران پر اسرائیل کے مسلسل حملوں بالخصوص گزشتہ روز شہری تنصیبات پر ہونے والے تازہ حملوں کی شدید مذمت کا اعادہ کیا اورمشکل حالات میں ایرانی عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے 1900 سے زائد قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لیے دعا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
وزیراعظم نے ایرانی صدر کو اپنی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے امریکہ، برادر خلیجی اور اسلامی ممالک کے ساتھ جاری سفارتی رابطوں سے آگاہ کیا، جن کا مقصد امن مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے،انہوں نے پاکستان کے امن اقدام کی بھرپور حمایت کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اجتماعی کوششوں سے کشیدگی کے خاتمے کی کوئی مؤثر راہ نکلے گی۔
ایرانی صدر نے اس موقع پروزیراعظم کی مخلصانہ سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ایران کے خلاف اسرائیلی اقدامات کے حوالے سے اپنا مؤقف بیان کیا۔ انہوں نے مذاکرات اور ثالثی کے لیے اعتماد سازی کی ضرورت پر زور دیا اور اس ضمن میں پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔
یہ بھی پڑھیں:یکم اپریل سے دنیا کو پٹرول دینا بند ،روس کے فیصلے سے عالمی مارکیٹ میں ہلچل
وزیراعظم نے ایرانی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔