وزیراعظم شہباز شریف سے گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد کی ملاقات، پولیو کے خاتمے کا عزم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)وزیراعظم شہباز شریف سے گیٹس فاونڈیشن کے اعلی سطحی وفد نے ملاقات کی ، ملاقات میں وزیراعظم نے گیٹس فاؤنڈیشن اور مسلم برادر ملک سعودی عرب کی طرف سے انسداد پولیو کے لئے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
گیٹس فاؤنڈیشن کے صدر برائے عالمی ترقی کرس ایلیاس نے پاکستان میں کامیابی سے جاری انسداد پولیو مہم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا،انہوں نے وزیراعظم پاکستان کو بل گیٹس کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے مکمل سد باب تک بل گیٹس فاونڈیشن جیسے قابل اعتماد شراکت داروں کے تعاون سے اقدامات جاری رکھے جائیں گے،پاکستان سے پولیو کے سد باب کے لئے بل گیٹس کی قابل قدر خدمات یاد رکھی جائیں گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کے سد باب میں بل گیٹس اور مسلم برادر ممالک سعودی عرب کے تعاون کے بے حد شکر گزار ہیں،حکومت جامع حکمت عملی اور موثر ٹیم کے ساتھ عملی اقدامات کر رہی ہے اور جلد پاکستان سے اس بیماری کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے،اسں بیماری کے خلاف جاری جنگ میں خاطر خواہ کامیابی کے باوجود ہنگامی بنیادوں پر مزید اقدامات ناگزیر ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت موثر حکمت عملی کے تحت ملک کے طول و عرض میں پولیو ٹیم کی رسائی ممکن بنانے کے لیے صوبوں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہی ہے،ملک میں انسداد پولیو کی مہم کے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت متعلقہ منصوبے جاری رکھے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:ناجائز منافع خوری پر زیرو ٹالرنس،کسی کو ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں ہوگی:عظمیٰ بخاری
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ انسداد پولیو سے متعلق عوامی آگاہی اور ویکسین کی فراہمی کے لیۓ وفاقی وزارت صحت تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر سفارشات مرتب کرے۔
گیٹس فاؤنڈیشن صدر برائے عالمی ترقی کرس ایلیاس نے کہا کہ گیٹس فاؤنڈیشن، وزیراعظم پاکستان کی انسداد پولیو پر ذاتی توجہ اور اس تناظر میں اٹھائے گئے موثر عملی اقدامات کو نہایت قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
کرس ایلیاس نے کہا کہ پاکستان پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے موثر اقدامات اٹھا رہا ہے جو کامیابی کی طرف گامزن ہے،پاکستان میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں اورمتعلقہ اداروں سے انسداد پولیو پر تعمیری مشاورت جاری رہے گی،پاکستان میں پولیو وائرس کی ماحولیاتی موجودگی کے خاتمے اور تمام علاقوں میں پولیو ٹیم کی رسائی کے تناظر میں موثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں جو قابل تحسین ہیں۔
ملاقات میں وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے صحت سید مصطفی کمال، وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور دیگر سرکاری عہدے داران بھی شامل تھے۔
اس موقع پہ وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ احسن اقبال نے انسداد پولیو کے لیے جاری پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ کے تحت اقدامات سے وفد کو آگاہ کیا۔
مزید پڑھیں:تحریک انصاف کو بڑا صدمہ،اہم رہنما دشمن کا نشانہ بن گئے
وفاقی وزیر برائے صحت سید مصطفی کمال نے وزیراعظم کی رہنمائی اور بل گیٹس کی ٹیم کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئےاقدامات مزید موثر انداز میں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نےبھی ملاقات میں انسداد پولیو کے تحت تمام صوبوں اور شہروں میں جاری اقدامات پر حاضرین کو آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے وفد میں شامل گیٹس فاؤنڈیشن کی ڈائریکٹر پولیو ڈاکٹر کیتھی نیوزیل کو ان کی حالیہ تقرری پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔