صدر آصف زرداری کا شاؤشان کا دورہ،ماؤ زے تُنگ کے مجسمے پر گلدستہ رکھ کر خراجِ عقیدت

Apr 28, 2026 | 15:49:PM
صدر آصف زرداری کا شاؤشان کا دورہ،ماؤ زے تُنگ کے مجسمے پر گلدستہ رکھ کر خراجِ عقیدت
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے انقلابی رہنما ماؤ زے تنگ کے آبائی شہر شاؤشان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسٹیچو اسکوائر میں ماؤ زے تنگ کے مجسمے پر پھولوں کا گلدستہ رکھ کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔

دورے کے موقع پر صدر کا استقبال سینئر چینی رہنما لی جیانگ اور ڈائریکٹر شاؤشان ایڈمنسٹریشن ژانگ شی ہوئی نے کیا، اس موقع پر صدر کو ماؤ زے تنگ کی زندگی، جدوجہد اور ان کے ابتدائی دور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں ان عوامل پر روشنی ڈالی گئی جنہوں نے ان کی سیاسی سوچ کو تشکیل دیا۔

صدر کو آگاہ کیا گیا کہ شاؤشان میں قائم یادگاری ادارے تاریخی مواد کے تحفظ اور چین کی انقلابی تاریخ سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

اسٹیچو اسکوائر پر تقریب کے بعد صدر آصف علی زرداری نے ماؤ زے تنگ میموریل میوزیم کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں عوامی جمہوریہ چین کے بانی رہنما کی زندگی، نظریات اور سیاسی ورثے کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا۔

انہوں نے میوزیم میں موجود تاریخی نوادرات، ریکارڈز اور تصاویر کا بھی مشاہدہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:سرمایہ کاری فروغ کیلئے ریگولیٹری نظام کو مزید آسان، شفاف اور کم خرچ بنایا جائے:شہبازشریف

صدر نے ماؤ زے تنگ کے چین کی تاریخی تبدیلی میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت نے عوامی جمہوریہ چین کی جدوجہد، اتحاد اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے تاریخی مقامات کا تحفظ نئی نسلوں کو قومی تاریخ اور ترقی کے عوامل کو سمجھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

دورے کے دوران صدر کے ہمراہ سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، علی حسن بروہی، معاونِ خصوصی سید قاسم نوید قمر، چیف سیکرٹری سندھ، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی موجود تھے۔