کالعدم شدت پسند تنظیم کی دھمکی، بنگلہ دیش میں ایئرپورٹس کی سکیورٹی سخت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(سلیم رضا)بنگلہ دیش میں اہم تنصیبات پر عسکریت پسندوں کے حملوں کی وارننگ کے بعد ڈھاکہ کے حضرت شاہ جلال بین الاقوامی ہوائی اڈے سمیت آٹھ ہوائی اڈوں پر حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
بنگلہ دیش کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 24 نیوز کو معاملے کی تصدیق کی۔
باوثوق ذرائع نے بتایا کہ بنگلہ دیش میں حالیہ سکیورٹی خطرات کے پیش نظر ہوائی اڈوں پر نگرانی بڑھا دی گئی ہے، خاص طور پر ڈھاکہ کے حضرت شاہ جلال بین الاقوامی ہوائی اڈے کے اہم داخلی راستوں، ٹرمینل ایریاز اور حساس تنصیبات پر اضافی سیکورٹی ارکان کو تعینات کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈھاکہ پولیس ہیڈ کوارٹر زکی جانب سے ایئرپورٹ اتھارٹی کو وارننگ لیٹر بھی دیا گیا ہے، خط ملنے کے فوراً بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ہائی الرٹ جاری کر دیا، ایئرپورٹ پر کام کرنے والے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تمام یونٹس کو خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:بانی پی ٹی آئی عمران خان پمز میں طبی معائنہ کے بعد واپس اڈیالہ جیل منتقل
قبل ازیں بنگلہ دیش میں ایک کالعدم شدت پسند تنظیم کے حامیوں کی جانب سے تخریب کاری کے ممکنہ منصوبوں کے پیش نظر اہم تنصیبات کی سکیورٹی کو مزید مضبوط کرنے کے احکامات دیے جا چکے ہیں۔
ڈھاکہ میں پولیس ذرائع نے بتایا کہ شدت پسند گروپ اہم قومی اداروں جیسے کہ قومی پارلیمنٹ کی عمارت، قانون نافذ کرنے والے اداروں، مذہبی عبادت گاہوں، تفریحی مراکز اور ڈھاکہ میں شاہ باغ سمیت اہم علاقوں پر حملے کا منصوبہ بنا سکتا ہے۔
بم دھماکوں کے علاوہ تیز دھار ہتھیاروں یا آتشیں اسلحے کے استعمال سے حملوں کا بھی امکان ہے۔
اس کے علاوہ، انٹیلی جنس سے پتہ چلتا ہے کہ وہ مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہتھیاروں پر حملے کی منصوبہ بندی بھی کر سکتے ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق، ملوث افراد بنگلہ دیش کی مجموعی سلامتی کے لیے بہت زیادہ خطرہ ہیں۔