بھارت میں کورونا ۔۔مسلمان خدمت میں پیش ۔۔ مساجد ہسپتالوں میں تبدیل

Apr 28, 2021 | 21:56:PM
بھارت میں کورونا ۔۔مسلمان خدمت میں پیش ۔۔ مساجد ہسپتالوں میں تبدیل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز )بھارت میں کورونا وبا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث مسلمانوں نے مساجد کواسپتالوں میں تبدیل کردیا ہے۔
بھارتی ٹی وی کے مطابق مسلمانوں کے خلاف ہندو انتہا پسندی اوربربریت کے باجود بھارتی مسلمان بھی بھارت میں کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث انسانیت کا جذبہ لیے آگے آگے ہیں۔مغربی ریاست گجرات میں ایک مسجد کو50 بستروں کے اسپتال میں تبدیل کیا گیا ہے۔
 مساجد میں مسلمانوں کی جانب سے تشویشناک مریضوں کو آکسیجن فراہم کی جا رہی ہے اوران کے لیے بستروں کا انتظام کیا جارہا ہے۔مسجد کے منتظم کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی صورتحال بہترنہیں اورلوگوں کو علاج کے لیے اسپتال میں بستر نہیں مل رہے تو ہم نے متاثرین کے لیے مسجد کوہی اسپتال میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔ اسی صورتحال کے پیش نظرکئی دنوں میں ہی مسجد میں تمام بیڈزبھرگئے ہیں۔
دوسری جانب دارالعلوم دیوبند نے بھی 20 نرسوں اور3 ڈاکٹروں کے ساتھ 142 بستروں پر مشتمل ہسپتال کی سہولت کورونا وائرس کے مریضوں کو فراہم کی ہے جن میں ہر مذہب کے لوگ زیر علاج ہیں۔ مسجد کی کمیٹی رکن نے کہا کہ ہم کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے ایک ہزاربیڈ پر مشتمل اسپتال بنا سکتے ہیں تاہم آکسیجن کی فراہمی میں رکاوٹ ہے۔ 
واضح رہے بھارت میں کورونا سے تباہی جاری ہے، ایک روز میں ریکارڈ تین لاکھ باسٹھ ہزار افراد وائرس سے متاثر ہوئے، مزید تین ہزار دو سو پچاسی لقمہ اجل بن گئے۔ کئی شہروں میں آکسیجن کا بحران پیدا ہو چکا ہے، سکھ کمیونٹی نے آکسیجن کا لنگر کھول لیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق بھارت میں کورونا آٹ آف کنٹرول، ایک روز میں ریکارڈ تین لاکھ باسٹھ ہزار مریض سامنے آئے۔
 مہلک وائرس سے مزید تین ہزار دو سو پچاسی افراد کی موت ہو گئی، کئی شہروں میں اتنی لاشیں آرہی ہے کہ جلانے والے نہیں مل رہے جبکہ شمشان گھاٹ پر لکڑیاں کم پڑ گئی ہیں۔آکسیجن سلنڈر کی قلت سے حالات مزید خراب ہو گئے، ہسپتالوں میں آکسیجن دستیاب نہیں ہے۔ لوگ بلیک مارکیٹ میں آکسیجن لینے پر مجبور ہیں۔ دوسری طرف دلی کے قریب غازی آباد میں سکھ کمیونٹی کی طرف سے گردوارے کے باہر آکسیجن بطور عطیہ دی جا رہی ہے جہاں سے ہزاروں افراد مستفید ہو چکے ہیں۔
سنگھو بارڈر پر کسانوں نے آکسیجن ٹینکر کو ہریانہ سے دلی کی طرف جانے کے لیے راستہ دیا جبکہ بھارتی پولیس نے ہائی وے پر رکاوٹیں کھڑی کر رکھی ہیں۔کرناٹک میں ریاستی حکومت نے 14 دن کے لیے کرفیو لگا دیا، دہلی میں کورونا کے 24،149 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ اس کے علاوہ 381 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ دارالحکومت میں 73811 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے، دہلی میں کورونا ٹیسٹوں کی مثبت شرح 32.72 فیصد ہے۔امریکی صدر جو بائیڈن نے بھارت میں کوروناکی صورت حال پر فوری امداد بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ چین کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ چین کورونا وبا کے خلاف بھارت کی مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔ سابق آسٹریلوی کرکٹ کپتان رکی پونٹنگ نے بھی بھارت کے شہریوں سے ہمددردی کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں۔کورونا مریضوں کیلئے اچھی خبر، جناح ہسپتال میں 10 ہزار لٹرآکسیجن ٹینک نصب