نوشکی: پولیس اہلکاروں پر ہینڈ گرنیڈ حملہ، اہلکار شہید، 8افراد زخمی، ڈی ایس پی مستونگ لاپتہ

Sep 27, 2025 | 08:41:AM
نوشکی: پولیس اہلکاروں پر ہینڈ گرنیڈ حملہ، اہلکار شہید، 8افراد زخمی، ڈی ایس پی مستونگ لاپتہ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(طیب یلنزئی)نوشکی میں ڈبل روڈ پر پولیس اہلکاروں پر ہینڈ گرنیڈ سے حملے کے باعث ایک اہلکار شہید جبکہ 5اہلکاروں سمیت8افراد زخمی ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق نوشکی کے ڈبل روڈ پر پولیس اہلکار چیکنگ میں مصروف تھے کہ نامعلوم افراد نے ان پر دستی بم پھینکا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں  5  پولیس اہلکاروں سمیت 8 افرادزخمی ہوگئے، پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے ملزمان فرار ہوگئے، زخمیوں کو ٹیچنگ ہسپتال نوشکی منتقل کر دیا گیا۔

دھماکے کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے والے ایک پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گیا،زخمی پولیس اہلکاروں میں ایس پی کے سکواڈ کے اہلکار شامل ہے، دھماکے کے تین زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب مستونگ پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) رفیق حمزہ حب سے مستونگ آتے ہوئے راستے میں لاپتہ ہوگئے، 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود ان کا کچھ پتہ نہیں چل سکا۔

پولیس حکام کے مطابق ڈی ایس پی مستونگ رفیق حمزہ ضلع آواران میں آبائی گاؤں مشکے میں اپنی والدہ کی تدفین اور  فاتحہ خوانی کے بعد آواران سے واپس حب چوکی آئے تھے اور جمعرات کی دوپہر حب چوکی سے اپنی ڈیوٹی کے لیے مستونگ روانہ ہوئے تھے۔

پولیس حکام کے مطابق وہ سوراب تک پہنچ گئے تھے تاہم اس کے بعد سے ان کا کوئی رابطہ نہیں ہوا اور ان کے موبائل نمبر بھی بند ہیں۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر مستونگ بہرام سلیم کا کہنا تھا کہ ڈی ایس پی رفیق حمزہ کی گمشدگی کی اطلاعات ہیں، اس حوالے سے معلومات کی جا رہی ہیں۔