کشمیریوں کیساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں،سازشی ناکام ہونگے: نگران وزیراعظم

Oct 27, 2023 | 10:50:AM
کشمیریوں کیساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں،سازشی ناکام ہونگے: نگران وزیراعظم
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے عالمی برادری اپنی ذمہ داری سے آنکھیں نہیں چرا سکتی، بھارت کو جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکنا ہو گا، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد کروانا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ’کشمیر یوم سیاہ‘ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ جموں و کشمیر کے بڑے حصے پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کو 76 سال بیت گئے، آج تک بھارت نے اس علاقے پر زبردستی قبضہ جاری رکھا ہوا ہے،بھارت نے 5 اگست 2019 سے ایک مذموم مہم کا آغاز کر رکھا ہے، کشمیریوں کو ایک بے اختیار کمیونٹی میں تبدیل کرنے کی گھناؤنی سازش زوروں پر ہے، غیر جمہوری اور غیر قانونی اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ کشمیر دنیا کا ایک ایسا خطہ ہے جہاں سب سے زیادہ قابض فوج تعینات ہے، کشمیری عوام کے حقیقی نمائندے برسوں سے غیر معینہ مدت تک پابند سلاسل ہیں، تین دہائیوں میں ہزاروں بے گناہ کشمیری مرد، خواتین اور بچے بھارتی بربریت کے ہاتھوں اپنی جانیں گنوا چکے ہیں، بھارت کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد کو دبانے میں ناکام رہا ہے، مشرق وسطیٰ کی صورتحال سے واضح ہے عرصہ دراز سے حل طلب تنازعات عالمی امن کیلئے مسلسل خطرہ ہیں، عالمی برادری اب اپنی ذمہ داری سے آنکھیں نہیں چرا سکتی، بھارت کو 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات واپس لینا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:  چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف سائفر کیس،اسلام آباد ہائیکورٹ سے بڑی خبر آ گئی

اپنے پیغام میں انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ کی طرح اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے، پاکستان کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کیلئے ان کی منصفانہ جدوجہد کیلئے اپنی مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا،کشمیریوں کی قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی۔