قومی اسمبلی اجلاس، 4 نو منتخب ارکان قومی اسمبلی نے حلف اٹھا لیا ،3 بل منظور

مختلف واقعات میں شہید ہونیوالے سیکیورٹی اہلکاروں کیلئے دعا ،بھارتی وزیر دفاع کے سندھ سے متعلق بیان پر مذمتی قرارداد پیش

Nov 27, 2025 | 19:50:PM
 قومی اسمبلی اجلاس، 4 نو منتخب ارکان قومی اسمبلی نے حلف اٹھا لیا ،3 بل منظور
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) قومی اسمبلی کےآج ہونیوالے اجلاس میں چار نو منتخب ارکان قومی اسمبلی نے حلف اٹھایا ،مختلف واقعات میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کے لیے دعا  کی گئی۔بھارتی وزیر دفاع کے سندھ سے متعلق بیان پر مذمتی قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کی گئی۔ قومی اسمبلی سے 3 بل منظور۔

تفصیلات کے مطابق سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا۔چار نو منتخب ارکان قومی اسمبلی  دانیال احمد، محمد نعمان، محمود قادر اور محمد طفیل سےاسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے حلف لیا ، حلف اٹھانے والے ارکان نے رول آف ممبرز پر دستخط کئے۔ اجلاس  کے دوران مختلف واقعات میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کے درجات کی بلندی کیلئے دعا  کی گئی،دعا وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کروائی۔پشاور ایف سی ہیڈ کواٹر پرحملے اور ہنگو حملے میں سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت پر فاتحہ خوانی کی گئی۔

پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی اسلم عالم نیازی نے بھارتی وزیر دفاع کے سندھ سے متعلق بیان پر مذمتی قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کی،بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر مذمتی قرارداد منظور کر لی گئی ۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان قابل مذمت ہے، بھارتی وزیر دفاع کا بیان خودمختاری پر حملہ ہے،سندھ پاکستان کا لازمی جزو ہے اور رہے گا،یہ ایوان بھارتی وزیر دفاع کے بیان کی سخت مذمت کرتا ہے۔
انجم عقیل خان  رکن قومی اسمبلی اسلام آباد میں طلباء کیلئے ٹرانسپورٹ کی سہولیات کے فقدان پر توجہ دلاؤ نوٹس  پیش کیا ، انہوں نے کہا طلباء خصوصاً طالبات کیلئے ٹرانسپورٹ سہولیات میں اضافہ کیا جائے۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم نے کہا کہ حکومت 50 نئی بسیں لانا چاہتی ہے، بجٹ کی کمی کے باعث مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
 وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نےکراچی پورٹ ٹرسٹ ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش کیا۔وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بزرگ شہریاں ترمیمی بل پیش کیا۔قومی فنڈ برائے ثقافتی ورثہ ترمیمی بل اور یشنل کالج آف آرٹس انسٹی ٹیوٹ ترمیمی بل  طارق فضل چوہدری نے پیش کیا،کنگ حماد یونیورسٹی آف نرسنگ اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز بل  اور دانش سکولز اتھارٹی بل قومی اسمبلی نے منظور  کر لیا۔قانون شہادت ترمیمی بل بھی قومی اسمبلی نے منظور کر لیا، وزیر مملکت برائے قانون و انصاف عقیل ملک نے پیش کیا۔
ضمنی انتخابات میں عمر ایوب کی اہلیہ کو شکست دینے والے بابر نواز بھی ایوان میں پہنچ گئے۔بابر نواز نے حلف اٹھا لیا۔اسپیکر ایاز صادق نے بابر نواز سے حلف لیا۔آج حلف اٹھانے والے ارکان کی تعداد 5 ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں:28 ویں آئینی ترمیم حکومت جب بھی لانا چاہے تو لا سکتی ہے ،گورنر  خیبرپختونخوا