سندھ اسمبلی نے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2026 کثرت رائے سے منظور کر لیا،اجلاس کل تک ملتوی

Sep 14, 2026 | 18:23:PM
سندھ اسمبلی نے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2026 کثرت رائے سے منظور کر لیا،اجلاس کل تک ملتوی
کیپشن: وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) سندھ اسمبلی نے  سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2026" کثرت رائے سے منظور کر لیا ہے، ترمیمی بل صوبائی وزیر قانون و داخلہ ضیا الحسن لنجار نے ایوان میں پیش کیا، بعد ازاں سندھ اسمبلی کا اجلاس کل سہ پہر تین بجے تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔

 منظوری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے بتایا کہ سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل کامل مشاورت سے ایوان میں لایا گیا جس کے لیے اسپیشل کمیٹی بھی قائم کی گئی تھی اور آج یہ بل ایجنڈے کا حصہ تھا،انہوں نے کہا کہ چیئرمین کو بااختیار بنایا جا رہا ہے اور پولیس بھی ان کے اختیارات کو تسلیم کرے گی۔

  بل کے متن کے مطابق کونسل کی مدت ختم ہونے پر میئر ہی ایڈمنسٹریٹر کے اختیارات سنبھالیں گے،نئے منتخب نمائندوں کے عہدہ سنبھالنے تک سبکدوش ہونے والے نمائندے بطور ایڈمنسٹریٹر کام کریں گے۔

 متن کے مطابق ڈپٹی میئر اور وائس چیئرمین کونسل کے کنوینئر مقرر ہوں گے جو اجلاسوں کی صدارت کریں گے، یوسی چیئرمین اپنے علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی کرکے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کو اطلاع دیں گے۔

 متن میں قانون کے تحت 90 دنوں کے اندر مصالحتی فورم کی تشکیل کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

دوسری جانب میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے اپوزیشن پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم بلدیاتی انتخابات سے بھاگ گئی ہے کیونکہ وہ جانتی ہے کہ عوام میں اس کی پذیرائی ختم ہو چکی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے رہنماؤں کا رویہ اسمبلی کے اندر کچھ اور، جبکہ باہر بالکل الگ ہوتا ہے۔