نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ میں ترمیم اور ڈیفنس فورسز ایکٹ 2026 قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور
Stay tuned with 24 News HD Android App
( روزینہ علی )وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد ڈیفنس فورسز ایکٹ 2026 اور نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ 2026 میں ترمیم کے بل قومی اسمبلی اور سینیٹ سے کثرت رائے سے منظور ہو گئے۔
بل وزیر دفاع خواجہ آصف نے ضمنی ایجنڈے کے ذریعے پیش کیے، قبل ازیں قومی اسمبلی کے اجلاس میں ڈیفنس فورسز ایکٹ 2026 اور نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ میں ترامیم کا بل پیش کیا گیا، اس دوران اپوزیشن نے واک آؤٹ کیا تاہم دونوں بل کثرت رائے سے منظور کرلیے گئے۔
اس سے پہلے وفاقی کابینہ نے ڈیفنس فورسز ایکٹ 2026 کے مسودے کی منظوری دی، مسودہ 27 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے کی گئی ترامیم کے تسلسل میں تیار کیا گیا۔
ایکٹ کا مقصد چیف آف ڈیفنس فورسز کے عہدے اور ہیڈ کوارٹرز کے انتظامی امور کا تعین ہے، وفاقی کابینہ نے نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ میں ترمیم کی بھی منظوری دی۔
ایکٹ کے تحت دفاعی افواج کا ایک ہیڈکوارٹر قائم کیا جائے گا جو مسلح افواج کا ہیڈکوارٹر ہوگا اور چیف آف ڈیفنس فورسز کی کمان و اختیارات کے تحت ذمہ داریاں انجام دے گا۔
ڈیفنس ہیڈ کوارٹر قومی سلامتی ،دفاع اور مسلح افواج سے متعلق تمام امور میں وزیر اعظم کا اعلیٰ فوجی مشیر ہوگا،چیف آف ڈیفنس فورسزکو مسلح افواج کی عملی کمانڈ اور کنٹرول کا اختیار حاصل ہوگا،مذکورہ کمانڈ اینڈ کنٹرول کے ضمن میں چیف آف ڈیفنس فورسز وفاقی حکومت کو جوابدہ ہوگا۔
چیف آف ڈیفنس فورسز ایسے اختیارات استعمال کرے گا جو کثیر الجہتی انضمام، عملی ہم آہنگی ،رابطہ کاری اور تمام امور کی مشترکہ نگرانی کے لئے ضروری ہوں،چیف آف ڈیفنس فورسز مسلح افواج سے متعلق قوانین کے مطابق کسی شخص کو آئین کے آرٹیکل 243کے تحت تقرر کردہ اشخاص کے علاؤہ ملازمت سے ریٹائر ،سبکدوش یا برطرف کرسکے گا۔
ایکٹ کے تحت چیف آف ڈیفنس فورسز متعلقہ قوانین کے مطابق استعفیٰ کو منظور یا مسترد یا ملازمت کو برقرار رکھ سکے گا،چیف آف ڈیفنس فورسز کسی شخص کی ریٹائرمنٹ کی عمر یا ملازمت کی مدت کی حد میں کمی کرسکے گا،چیف آف ڈیفنس فورسز ایسے دیگر اختیارات استعمال کرسکے گا اور ایسے فرائض منصبی سر انجام دے سکے گا جیسا وفاقی حکومت صراحت کرے گی،وفاقی حکومت ایکٹ کے احکامات کو مؤثر بنانے کے لئے قواعد و ضوابط وضع کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت کا اپوزیشن کی جانب اہم قدم، شہباز شریف نے مذاکرات کی دعوت دے دی
چیف آف ڈیفنس فورسز ایکٹ کے احکامات وضع کردہ قواعدو ضوابط کو مؤثر بنانے کے لئے ہدایات احکامات صادر کرسکیں گے،ایکٹ کے احکامات کو مؤثر بنانے میں مشکلات درپیش ہوں یا فی الوقت نافذ العمل کسی دوسرے ایکٹ کے درمیان عدم مطابقت پر صدر مملکت ایسی مشکل کا ازالہ کریں گے۔