6 ستمبر قومی اتحاد، عزم اور جرات کی لازوال علامت ہے، مسلح افواج کا شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، جنرل عامر رضا سمیت مسلح افواج نے شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ 6 ستمبر قومی اتحاد، عزم اور جرات کی لازوال علامت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج کی قیادت نے مسلح افواج کی جانب سے غازیوں اور شہدا کے اہلخانہ کے لئے اظہار تکریم و تشکر کرتے ہوئے کہا کہ 1965 کی جنگ میں پاکستانی قوم مادر وطن کے دفاع کے لیے متحد ہو کر کھڑی ہوئی اور میدان جنگ، فضاؤں اور سمندروں میں وطن کے محافظوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
شہدائے پاکستان فرض، عزت اور قربانی کی اعلیٰ ترین اقدار کی علامت ہیں۔ ان کی لازوال قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ شہدا کے خاندان استقامت اور حوصلے کی پائیدار علامت ہیں۔
مسلح افواج کی قیادت نے کہا کہ ہم پاکستان کے غازیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتی ہیں، جو بہادری اور ثابت قدمی سے ملکی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں۔
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کا خواہاں اور پرامن بقائے باہمی کے لیے پرعزم ہے۔ لیکن، انہوں نے خبردار کیا کہ، امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر نے مسلح افواج کی قیادت کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں بتایا کہ آج کے روز مسلح افواج کا پاکستان اور پاکستانی عوام سے غیر متزلزل وفاداری اور خدمت کا عہد تجدید کرتی ہیں۔ شہدا کی عظیم قربانیاں، غازیوں کا جذبہ اور شہدا کے خاندانوں کی استقامت قومی طاقت اور فخر کا سرچشمہ رہیں گی۔
افواج پاکستان زندہ باد
پاکستان ہمیشہ پائندہ باد