ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ، تین اہلکار شہید
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) ہنگو قاضی تالاب کے علاقے میں واقع پولیس پوسٹ پر دہشتگردوں نےا حملہ کیا، حملے کے نتیجے میں فائرنگ کے شدید تبادلے میں3 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
ہنگو کے علاقے تھانہ سٹی کی حدود میں واقع قاضی تالاب چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے اچانک فائرنگ کرکے حملہ کردیا ،ڈی پی او خان زیب خان کے مطابق حملے کے دوران تین پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے،خان زیب مہمند کے مطابق شہداء میں حوالدار واحد شاہ، کانسٹیبل عبدالصمد اور کانسٹیبل حکمت شاہ شامل ہیں۔
ڈی پی او ہنگو خان زیب مہمند کے مطابق پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس میں دو دہشتگرد ہلاک ہوگئے، ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان دو گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا،ڈی پی او کے مطابق دہشتگردوں کے دیگر ساتھی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن جاری ہے۔
حملے کے بعد ضلع بھر کے حساس مقامات پر سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔
ڈی پی او خان زیب مہمند نے کہا کہ پولیس فورس ہر قیمت پر امن برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
واقعے کے فوراً بعد شہدا کی میتوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے ۔
یہ بھی پڑھیں : بولان؛ تحصیل سنی میں بارودی سرنگ دھماکہ، 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق