گورنر پنجاب کی اماراتی قونصل جنرل سے ملاقات، ویزہ پالیسی میں نرمی پر اتفاق
Stay tuned with 24 News HD Android App
(زبیر راشد) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کامتحدہ عرب امارات کراچی کے قونصل جنرل کا دورہ کیا،قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے گورنر پنجاب سردار کا استقبال کیا، اماراتی قونصل جنرل نے گورنر پنجاب کو ویزہ سنٹر کا تفصیلی دورہ کروایا،گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کو قونصل جنرل نے ویزہ پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ملاقات میں پاکستانیوں کے لیے ویزہ پالیسی میں نرمی اور آسانیاں پیدا کرنے پر اتفاق کیاگیا،گورنر پنجاب نے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی کی کراچی لیے 25 سال سے جاری خدمات کو سراہا۔گورنر سردار سلیم حیدر نے کہاکہ پاکستان اور یو اے ای کے تجارتی روابط اور کاروباری سرگرمیوں کومزید فروغ دیا جائے۔
گورنر پنجاب نے قونصل جنرل بخیت عتیق کو پنجاب آنے کی دعوت دی جسے قونصل جنرل نے قبول کیا،اماراتی قونصل جنرل نے کہاکہ لاہور آکر کاروباری افراد سے ملاقاتیں کروں گا،پاکستانیوں کیلئے یو اے ای میں کاروباری سرگرمیوں پر بریفنگ دوں گا،پاکستان سے یو اے ای میں کاروبار کرنے والے افراد کو فائدہ پہنچے گا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ یو اے ای سے آنے والے کاروباری افراد کو محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، پنجاب اور اس کے دور دراز کے پسماندہ علاقے کے پڑھے لکھے نوجوانوں کے لیے ویزہ پالیسی میں مزید آسانیاں اور نرمی پیدا کی جائے، تاکہ نوجوان یو اے ای جا کر پاکستان کا نام روشن کرسکیں۔
سردار سلیم حیدر نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات برادر اسلامی ممالک ہیں،یو اے ای اور پاکستان کی دوستی وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہو رہی ہے۔
قونصل جنرل نے گورنر پنجاب کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی،گورنر پنجاب نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔