وزیراعظم شہبازشریف کی امریکی صدر سے ملاقات، فیلڈ مارشل بھی شریک ہوئے

Sep 26, 2025 | 07:48:AM
وزیراعظم شہبازشریف کی امریکی صدر سے ملاقات، فیلڈ مارشل بھی شریک ہوئے
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) وزیراعظم شہبازشریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات ہوگئی جس میں فیلڈمارشل سیدعاصم منیربھی شریک ہوئے۔
وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو بھی شامل تھے، پاکستانی اور امریکی رہنماؤں کی ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔
ملاقات میں پاک امریکہ تجارتی تعلقات، توانائی کے منصوبے، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور خطے کی اقتصادی ترقی پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نےاس موقع پر امریکا اور پاکستان کے درمیان تجارت بڑھانے پر زور دیا،انہوں نے آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ امریکی صدر سے ملاقات بہت اچھی رہی، پاکستان ایک بڑی ابھرتی ہوئی تجارتی منڈی ہے، پاکستان کی نوجوان آبادی اور ابھرتی ہوئی معیشت امریکا کیلئے بڑی تجارتی مارکیٹ ہے۔
 امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان کے معاشی امکانات کی تعریف کی اور کہا امریکا پاکستانی معیشت کے استحکام کیلئے کردار ادا کرنے کوتیار ہے، دنیا دہشت گردی کے خاتمے میں پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کرتی ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو سراہتے ہیں۔
ملاقات سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہمارے پاس ایک عظیم رہنما آ رہے ہیں، ہمارے پاس پاکستان کے وزیرِاعظم آ رہے ہیں اور پاکستان کے فیلڈ مارشل بھی،فیلڈ مارشل ایک بہت عظیم شخصیت ہیں اور وزیرِاعظم بھی، دونوں ہی اور وہ آ رہے ہیں بلکہ ہو سکتا ہے وہ اس وقت اسی کمرے میں موجود ہوں۔

یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ نے ٹک ٹاک سے متعلق ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کردیئے
ملاقات سے پہلے واشنگٹن ڈی سی کے اینڈریوز ایئر بیس پہنچنے پر وزیرِاعظم شہبازشریف کا ریڈ کارپٹ پر امریکی ایئر فورس کے اعلیٰ عہدیدار نے استقبال کیا، وزیرِاعظم محمد شہبازشریف کا موٹرکیڈ امریکی سکیورٹی کے حصار میں ایئربیس سے روانہ کیا گیا۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ سے واشنگٹن کیلئے روانہ ہوئے تھے اورصدر ٹرمپ سے ملاقات کے بعد واپس نیویارک کیلئے روانہ ہوگئے ،وہ آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کریں گے۔