شہریوں سے ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کی اپیل

May 26, 2025 | 10:43:AM
شہریوں سے ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کی اپیل
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)سعودی سپریم کورٹ نے شہریوں سے 27 مئی کی شام چاند دیکھنے کی اپیل کردی،عرب دنیا اور اس سے باہر کے مسلم ممالک میں چاند دیکھنے والی کمیٹیاں 27 مئی 2025 بروز منگل کو   اسلامی قمری کیلنڈر کے بارہویں اور آخری مہینے ذی الحجہ کا چاند دیکھنے کی کوشش کریں گی۔

سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ 27 مئی بروز منگل کی شام ذو الحجہ 1446 ہجری 2025 کے مقدس مہینے کے آغاز کے موقع پر چاند دیکھیں۔

عدالت نے کہا کہ جو کوئی بھی ہلال کا چاند دیکھتا ہے چاہے وہ اپنے آنکھ سے دیکھے یا دوربین کے ذریعے، وہ فوری طور پر قریبی عدالت میں رپورٹ کرے اور اپنی گواہی فراہم کرے۔

سپریم کورٹ نے مختلف خطوں میں قائم کردہ چاند دیکھنے کی کمیٹیوں میں حصہ لینے کے اہل افراد کو بھی اس اہم کوشش میں شامل ہونے اور تعاون کرنے کی ترغیب دی، جو مسلم کمیونٹی کی خدمت کرتی ہے۔

27مئی کو ملک بھر میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہوں گے۔ شہادتیں جمع ہونے کے بعد حتمی اعلان سعودی سپریم کورٹ ہی کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں:گرج چمک کے ساتھ بارش:محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

دوسری طرف مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر صالح بن عبد اللہ بن حمید خطبہ حج دیں گے،حرمین شریفین  نے ان کی تقرری کی منظوری دیدی ہے۔

علاوہ ازیں 27 مئی کو ابوظہبی میں چاند غروب آفتاب کے 38 منٹ بعد غروب ہو جائے گا، اس کی عمر 13 گھنٹے 29 منٹ ہے اور سورج سے 7.7 ڈگری زاویہ علیحدگی ہے، چاند دوربینوں کا استعمال کرتے ہوئے نظرآنے کا امکان ہے۔

27 مئی کو جکارتہ میں چاند غروب آفتاب کے صرف 9 منٹ بعد غروب ہو جائے گا، اس کی عمر 9 گھنٹے 2 منٹ ہو گی، جس سے اسے دوربین سے بھی دیکھنا ناممکن ہو جائے گا۔

 مکہ میں چاند غروب آفتاب کے 39 منٹ بعد غروب ہو جائے گا، جس کی عمر 14 گھنٹے اور 17 منٹ ہوگی اور 8.1 ڈگری زاویہ علیحدگی ہوگی، جس سے صرف دوربین کی بنیاد پر دیکھا جا سکے گا۔

فلکیاتی حسابات سے پتہ چلتا ہے کہ نیا چاند وسطی اور مغربی ایشیا کے کچھ حصوں، افریقہ کے بیشتر حصوں اور یورپ میں دوربینوں کا استعمال کرتے ہوئے نظر آئے گا، ذی الحجہ کا چاند امریکا کے وسیع علاقوں میں دکھائی دے سکتا ہے۔

  پاکستان میں سپارکو کی پیشگوئی بھی سامنے آئی تھی، جس میں بتایا کہ ذوالحجہ کے نئے چاند کی پیدائش 27 مئی کو پاکستانی وقت کے مطابق 8 بجکر 2 منٹ پرہوگی اور 27 مئی کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 11 گھنٹے 34 منٹ ہوگی۔

سپارکو کا کہنا تھا کہ سائنسی لحاظ سے 27 مئی کو ملک بھر میں چاند کے نظر آنے کے امکانات تقریباًنہ ہونے کے برابر ہیں کیونکہ 27 مئی کو غروبِ آفتاب اور چاند میں صرف37 منٹ کا مختصر وقت ہوگا۔

 یکم ذوالحجہ 29 مئی کو متوقع ہے اور ملک بھرمیں عیدالاضحیٰ 7جون کومنائی جائے گی تاہم چاند کی رویت کا حتمی فیصلہ رویت کمیٹی کرنے کی مجاز ہے۔