عوام کو پٹرول، ڈیزل سستا فراہم کرنے کیلئے اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سو ارب روپے فراہم کر دیئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(وقاص عظیم) وزیراعظم کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے وزارت خزانہ نے عوام کو پٹرول کی کم قیمت پر فراہمی جاری رکھنے کے لئے مزید ایک سو ارب روپے کا بندوبست کر لیا۔ آج وزیر خزانہ اورنگ زیب نے اقتصادی رابطہ کمیٹی سے ایک سو ارب روپے وزیراعظم کے کفایت شعاری فنڈ میں ڈالنے کے لئے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری لے لی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں ای سی سی نے 100 ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ منظور کر لی۔
یہ 100 ارب روپے وزیراعظم کفایت شعاری فنڈ میں منتقل کیے جائیں گے۔
ای سی سی نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کے پیشِ نظر یہ بڑا اقدام وزیراعظم شہباز شریف کے عوام سے حالیہ وعدے پر عمل درآمد کرنے کے لئے کیا ہے جس میں شہباز شریف نے کہا تھا کہ وہ مزید ایک سو روپیہ ترقیاتی فنڈز کی کٹوتی کر کے عوام کو پٹرول کم قیمت (موجودہ قیمت) پر فراہم کرنے کے لئے انتظام کریں گے۔

عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے بچانے کے لئے وفاقی حکومت کو ترقیاتی بجٹ سے فنڈز ری ایڈجسٹ کرنے کا مرحلہ درپیش تھا۔ ترقیاتی فنڈز جو وفاقی بجٹ میں منظور کئے گئے ان کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ کرنے کے لئے اقتصادی رابطہ کمیٹی سے منظوری لینا ضروری ہوتا ہے۔
وفاقی حکومت نے یہ اہتمام کیا ہے کہ ترقی کے طے شدہ منصوبوں میں سے زیادہ اہم منصوبوں کو متاثر کیے بغیر ایک سو ارب روپے کے فنڈز عوام کو پٹرولیم مصنوعات کم قیمت پر فراہم کرنے کے لئے منتقل کیے جائیں۔
دس لاکھ ٹن گندم کی خریداری
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے آج کے اجلاس میں دس لاکھ ٹن گندم خریدنے کی بھی منطوری دے دی ہے۔ ای سی سی سے 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریداری کی منظوری ملنے کے بعد اب گندم کے تاجروں سے خریداری کی جائے گی۔
ای سی سی نے گندم کی خریداری کے لئے شفاف اور مسابقتی طریقہ کار اپنانے کی ہدایت کی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے واضح کیا کہ گندم کی خریداری کے پروسیس میں مارکیٹ میں استحکام اور کسانوں کے مفاد کو ترجیح دی جانی چاہئے۔
غیر ضروری مداخلت سے گریز کیا جائے اور مارکیٹ کو مستحکم رکھنے پر زور دیا جائے۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ گندم کے ذخائر سے متعلق فیصلہ حالات کے مطابق ہوگا ۔