یومِ عاشور تاریخ کاعظیم باب،حضرت امام حسین علیہ السلام نے دینِ اسلام کی سربلندی کیلئے سب کچھ قربان کر دیا:محسن نقوی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے یومِ عاشور کے موقع پر حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یومِ عاشور تاریخِ انسانی کا وہ عظیم باب ہے جب حضرت امام حسین علیہ السلام نے دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔
اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانیاں رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ شہدائے کربلا نے ظلم کے سامنے سر نہ جھکا کر دینِ اسلام کو نئی زندگی بخشی اور حق و سچ کی خاطر ڈٹ جانے کا عملی درس دیا۔
انہوں نے کہا کہ نواسۂ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی قربانی ہر دور میں ظلم و جبر کے خلاف استقامت اور حق پر ثابت قدم رہنے کا پیغام دیتی ہے۔ امامِ عالی مقام کا اسوۂ حسنہ ہمیں ہر دور کے باطل کے سامنے ڈٹ جانے کا حوصلہ دیتا ہے، جبکہ اہلِ بیتِ اطہار کے مصائب آج بھی ضمیروں کو جھنجھوڑتے اور ظلم کے چہروں کو بے نقاب کرتے ہیں۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ واقعۂ کربلا صبر، ایثار، قربانی اور اصولوں پر ثابت قدم رہنے کا ابدی درس ہے، حضرت امام حسین علیہ السلام نے کربلا میں یہ پیغام دیا کہ حق اور سچ کا راستہ اختیار کرنے والے تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ یومِ عاشور ایثار، قربانی اور صبر کے اعلیٰ ترین جذبوں کی یاد تازہ کرتا ہے۔ شہدائے کربلا کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی امتِ مسلمہ موجودہ چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکتی ہے، جبکہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی تعلیمات اور سنہری اصولوں میں ہی آج کے مسائل کا حقیقی حل موجود ہے۔