ٹک ٹاکر سمیرا راجپوت کا مبینہ قتل:زہریلی گولیاں کھلائی گئیں، بیٹی کی مدعیت میں مقدمہ درج
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک )گھوٹکی کے ممتاز شاہ محلے میں معروف ٹک ٹاکر سمیرا راجپوت کی پراسرار موت کا معاملہ سنگین رخ اختیار کر گیا۔ مقتولہ کی لاش ان کے گھر سے مشتبہ حالت میں ملی، جبکہ اہلِ خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ سمیرا کو زہریلی چیز دے کر قتل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ تھانہ اے سیکشن میں مقتولہ کی بیٹی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں سمیرا کی بیٹی نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی والدہ کو زبردستی گولیاں کھلائی گئیں، جس کے باعث حالت بگڑنے پر انہیں سکھر منتقل کیا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
مقدمے میں سابق شوہر علی رضا اور اس کے ساتھی عمران کو نامزد کیا گیا، جبکہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش جاری ہے اور مزید پیش رفت پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئے گی۔
اہلخانہ کے مطابق سمیرا راجپوت نے تین سال قبل علی رضا سے طلاق لے لی تھی، مگر وہ اور اس کا ساتھی عمران دوبارہ شادی کا دباؤ ڈال رہے تھے، جس پر کئی بار تنازعہ بھی ہوا۔ سمیرا کی بیٹی کے مطابق ان افراد نے کئی بار سنگین دھمکیاں بھی دی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں:نوجوان ٹک ٹاک بناتے نہر میں گر کر جاں بحق
اس واقعے کے بعد مقتولہ کی ایک پرانی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں وہ واضح طور پر اپنی جان کو خطرہ لاحق ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے اپنے سابق شوہر علی رضا کو ذمہ دار قرار دے رہی ہیں۔ یہ ویڈیو کیس کی حساسیت کو مزید بڑھا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جلد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔