مون سون کا طاقتور سسٹم، محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

لاہور میں رات گئے سے بارش کا سلسلہ جاری ، جل تھل ایک ہوگیا،نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع،سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں،کئی علاقوں میں بجلی بند

Aug 26, 2025 | 09:46:AM
 مون سون کا طاقتور سسٹم، محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز )ملک میں مون سون بارشوں کا 8 واں سپیل، موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا  ،  لاہور میں رات گئے سے بارش کا سلسلہ جاری ،  گھر کی چھت گرنے سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے ۔ 

 تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں مون  سون بارشوں کا 8واں سپیل جاری ہے ، بارشوں سے  لاہور میں  گھر کی چھت گر  نے سے ملبے تلے دب کر خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے ،ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کوہسپتال منتقل کر دیا۔

 لاہور میں رات گئے سے  آسمان سے برستی بوندوں نے سماں باندھ دیا، ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے لاہور کا موسم حسین ہو گیا ، بوندیں برسنے سے لیسکو کے 50فیڈر ٹرپ کر گئے۔

پتوکی، شیخوپورہ، مریدکے، کامونکی، ڈسکہ اور سمبڑیال میں بھی بادلوں کی گرج برس ہوئی، قصور میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا، بارش کا پانی دکانوں اور گھروں میں داخل ہوگیا، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔

 یہ بھی  پڑھیں:بڑے علاقے بھی خطرے میں ، سیلاب کا ہنگامی الرٹ جاری

 دوسری جانب محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی،کشمیراور شمال مشرقی پنجاب میں بیشتر مقامات پر جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، جنوبی پنجاب اور شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان میں چند مقا مات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ بونیر میں سیلاب میں بہہ جانے والے 13 افراد تاحال لاپتہ ہیں، مختلف مقامات پر سرچ آپریشن جاری رہا، ریسکیو حکام نے بتایا کہ گزشتہ 10 روز میں 296 افراد کی لاشیں لواحقین کے حوالے کی گئیں۔

غذر میں تالی داس کے مقام پر ریلیف آپریشن جاری رہا، شاہراہ غذر کی بحالی کیلئے کام کا آغاز کر دیا گیا، دائن پل بحال نہ ہونے سے 3 ہزار کی بستی شہر سے کٹ کر رہ گئی، صوبائی حکومت نے عارضی کشتیوں کے ذریعے لوگوں کی مدد کی۔

ترجمان فیض اللہ فراق نے  بتایا کہ گلگت بلتستان حکومت متاثرین کیلئے وفاق سے ملکر متبادل گاؤں بنائے گی۔