ڈھاکہ ؛سیلفی لیتے ہوئے ٹرین کی زد میں آکر خاتون سمیت 2افراد ہلاک
Stay tuned with 24 News HD Android App
(سلیم رضا )بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے اترا پوربا تھانے کے علاقے میں سیلفی لیتے ہوئے ٹونگی جانے والی ٹرین کی زد میں آکر ایک نوجوان اور خاتون ہلاک ہوگئے۔ ابتدائی طور پر ان کے نام اور شناخت دستیاب نہیں ہو سکی۔
نوجوان کو ہفتے کی رات 9 بجے کے قریب شدید زخمی حالت میں ہسپتال لایا گیا، جہاں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر نے اسے مردہ قرار دے دیا اور نوجوان خاتون کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
نوجوان کو ہسپتال لانے والے شوو نامی شخص نے بتایا کہ نوجوان اور خاتون ڈھاکہ کے اترا پوربا تھانے کے سیکٹر 8 کے آخر میں ریلوے لائن کے ساتھ چل رہے تھے اور سیلفی لے رہے تھے۔ اس وقت ایک انٹرسٹی ٹرین ڈھاکہ کی طرف اور دوسری ٹرین ٹونگی کی طرف جا رہی تھی۔ نوجوان خاتون ٹونگی جانے والی ٹرین کی زد میں آکر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی جب وہ ریلوے کی دو پٹڑیوں کو عبور کر رہی تھی۔ نوجوان کو پہلے شدید زخمی حالت میں ڈھاکہ کے کویت فرینڈ شپ ہسپتال لے جایا گیا۔ وہاں سے انھیں جدید علاج کیلئے ڈھاکہ میڈیکل کالج ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔
ڈھاکہ میڈیکل کالج ہسپتال پولیس کیمپ کے انسپکٹر انچارج محمد فاروق نے بتایا کہ جب ایک نوجوان کو اترا، ڈھاکہ سے زخمی حالت میں ہسپتال لایا گیا تو ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ ان کی لاش کو ہسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں رکھا گیا ہے۔ نوجوان کو ہسپتال لانے والے شوو نامی نوجوان نے بتایا کہ ایک نوجوان خاتون بھی موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ ہم نے اس معاملے کی اطلاع ڈھاکہ ریلوے پولیس سٹیشن کو دی ہے۔