وزیراعظم شہباز شریف کی ترک صدر رجب طیب اردوغان سے ملاقات کا اعلامیہ جاری

May 25, 2025 | 23:03:PM
وزیراعظم شہباز شریف کی ترک صدر رجب طیب اردوغان سے ملاقات کا اعلامیہ جاری
کیپشن: وزیراعظم شہباز شریف کی ترک صدر رجب طیب اردوغان کے ساتھ دوطرفہ ملاقات
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی) وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ترک صدر رجب طیب اردوغان کے ساتھ دوطرفہ ملاقات ہوئی ،ملاقات میں دوطرفہ دیرینہ، تاریخی اور ثقافتی تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ اقدار، باہمی احترام، ترقی اور خوشحالی کی طرف مشترکہ اہداف پر مبنی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ترکیہ کی جانب سے حمایت پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ترکیہ کی حمایت دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور لازوال رشتے کی عکاس تھی، وزیراعظم نے ترکیہ کے اصولی مؤقف کو سراہا۔

اعلامئےمیں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے ترکیہ کے عوام کی جانب سے پاکستان کی حمایت کو پاکستان کے لئے حوصلے اور عزم کا ذریعہ قرار دیا اور پاک افواج کی جرات، بہادری اور جذبے کو اجاگر کیا،وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ افواج اور عوام کے جذبے، بہادری اور عزم کی وجہ سے پاکستان کو معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں بے مثال کامیابی ملی۔

وزیراعظم نے دوطرفہ سرمایہ کاری میں اضافے جیسے اقدامات سے باہمی معاشی اشتراک میں اضافے پر زور دیا،پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے موزوں اور ابھرتے شعبوں کو اجاگر کیا، وزیراعظم نے قابل تجدید توانائی، آئی ٹی، تعمیراتی شعبے اور زراعت میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کو اجاگر کیا، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر وسیع تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ 

اعلامئے کے مطابق  ملاقات میں ساتویں اعلیٰ سطح سٹریٹیجک کوآپریشن کونسل کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا،ملاقات میں باہمی تجارت کو سالانہ 5 ارب ڈالرز تک لے جانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور کا جائزہ بھی لیا گیا، دونوں رہنماؤں نے مسلئہ مقبوضہ جموں وکشمیر اور دیگر امور پر ایک دوسرے کی حمایت کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

مزید برآں،ملاقات میں غزہ کی ناگفتہ بہ صورتحال پر اظہار تشویش کیا گیا ،دونوں رہنماؤں نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور آبادی تک امدادی سامان کی فوری ترسیل کا مطالبہ کیا ،دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن ، استحکام اور عوام کی خوشحالی کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں اجارہ داری نظام کے ذریعے عوام کو دبا کر رکھا ہوا ہے، حافظ نعیم الرحمان