دل پھینک نہیں،والدہ جب حکم کریں گی شادی کرلوں گا:خوشحال خان

Jun 25, 2025 | 10:52:AM
دل پھینک نہیں،والدہ جب حکم کریں گی شادی کرلوں گا:خوشحال خان
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)ابھرتے ہوئے باصلاحیت ماڈل واداکار خوشحال خان نے کہا ہے کہ وہ دل پھینک ہیں نہ معاشقوں کے چکر میں پڑنے والے ہیں، والدہ جب حکم کریں گی، تب ہی وہ شادی کریں گے۔

خوشحال خان نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

خوشحال خان نے بتایا کہ ان کا ا تعلق خیبرپختونخوا  کے شہر نوشہرہ کے نواحی قصبے سے ہے، اگرچہ وہ اعلیٰ طبقے سے تعلق نہیں رکھتے، تاہم ان کے خاندان نے انہیں تمام سہولیات فراہم کیں،انہوں نے خصوصی طور پر والدہ کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے زبردست انداز میں ان کی پرورش کی، انہیں خواتین کی عزت کرنا اور اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا سکھایا۔

انہوں نے بتایا کہ خاندان کی جانب سے ان کے شوبز میں آنے پرپابندی نہیں لگائی گئی بلکہ والدہ انہیں ہمیشہ اپنا کیریئر بنانے کا کہتی رہتی تھیں،یہاں تک کہ انہیں اپنے شوق کی خاطر ماڈلنگ اور اداکاری کرنے کا بھی کہتی تھیں۔

ایک سوال کے جواب میں خوشحال خان نے بتایا کہ کیریئر کے آغاز میں ہر کسی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،میں نے بھی ماڈلنگ شروع کرنے سے قبل دہاڑی پر ملازمت کی تھی،مجھے کسی نے شوبز میں متعارف نہیں کروایا،بلکہ اپنے شوق کی خاطر مختلف جگہوں پر جاکر آڈیشن دیا کرتاتھا جس کے بعد ہی مواقع ملے۔

 خوشحال خان نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر پہاڑوں اور دیہاتی علاقوں میں زندگی گزارنے اور خواتین کی عزت کرنے اور ان پر جانیں قربان کرنے والے پٹھان مردوں کو ہی اصل مردانگی سمجھتے ہیں۔

محبت اور شادی کے سوال پر انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ دل پھینک نہیں، وہ معاشقوں کے چکر میں نہیں پڑتے،ان کا کسی سے کوئی معاشقہ نہیں اور نہ ہی ایسی کوئی صورت بن سکتی ہے،انہیں جب والدہ حکم کریں گی، تب ہی وہ شادی کریں گے۔

کام کے حوالے سے خوشحال خان نےبتایا کہ انہیں ویسے تو تمام ہی اداکاروں کے ساتھ کام کرکے اچھا لگا لیکن سینئر اداکارہ ماہرہ خان اور صنم سعید کے ساتھ کام کرنے کا اچھا تجربہ رہا۔

واضح رہے کہ اداکار خوشحال خان وحشی، یحییٰ، محبت گمشدہ میری، مشکل اور دنیا پور جیسے ہٹ ڈراموں میں اداکاری کر چکے ہیں ۔