آئی فون 20 پرو کا ڈیزائن لیک ہوگیا

Sep 24, 2026 | 10:24:AM
آئی فون 20 پرو کا ڈیزائن لیک ہوگیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)آئی فون 18 پرو سیریز حال ہی میں پیش کی گئی ہے، جبکہ ایپل کا فولڈ ایبل آئی فون بھی اکتوبر میں صارفین کے لیے دستیاب ہونے کی اطلاعات ہیں، تاہم ایپل کے اگلی نسل کے آئی فونز سے متعلق لیکس کا سلسلہ ابھی سے شروع ہوگیا ہے۔

اگلے سال آئی فون کو متعارف ہوئے 20 سال مکمل ہوجائیں گے،اسی وجہ سے یہ قیاس کیا جارہا ہے کہ ایپل معمول کے مطابق آئی فون 19 متعارف کرانے کے بجائے براہ راست آئی فون 20 سیریز پیش کرسکتا ہے۔

آئی فون 20 پرو کا ڈیزائن کیسا ہوسکتا ہے؟

ایک نئی رپورٹ میں آئی فون 20 پرو اور آئی فون 20 پرو میکس کے ممکنہ ڈیزائن اور سکرین سے متعلق تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی فون 20 پرو میں 6.41 انچ کا ڈسپلے دیا جاسکتا ہے، جو موجودہ آئی فون 18 پرو کے مقابلے میں کچھ بڑا ہوگا۔ دوسری جانب آئی فون 20 پرو میکس میں 6.9 انچ کا ڈسپلے دیے جانے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

فلیٹ اسکرین کی جگہ نیا ڈیزائن؟
ممکنہ طور پر آئی فون 20 پرو سیریز میں سب سے بڑی تبدیلی اس کے ڈیزائن میں ہوسکتی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایپل آئی فون 20 پرو ماڈلز میں بارڈر لیس کواڈ کروڈ اسکرین استعمال کرنے پر غور کررہا ہے، اس ڈیزائن میں اسکرین کے چاروں کنارے خم دار ہوسکتے ہیں۔ موجودہ آئی فونز میں فلیٹ ڈسپلے استعمال کیا جاتا ہے، اس لیے اگر یہ تبدیلی حقیقت بنتی ہے تو آئی فون کے ڈیزائن میں نمایاں فرق دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

ڈائنامک آئی لینڈ بھی ختم ہوسکتا ہے

لیک میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ ایپل مستقبل کے آئی فون میں موجودہ ڈائنامک آئی لینڈ کو تبدیل کرسکتا ہے،اس کی جگہ سیلفی کیمرے کے لیے پنچ ہول طرز کا ڈیزائن استعمال کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے اسکرین کے لیے مزید جگہ دستیاب ہوسکتی ہے۔

ابھی حتمی ڈیزائن سامنے نہیں آیا

تاہم آئی فون 20 پرو سیریز کی لانچ میں ابھی تقریباً ایک سال باقی ہے، اس لیے ان لیکس کو حتمی معلومات نہیں سمجھا جاسکتا،ایپل کی جانب سے فون کے ڈیزائن، اسکرین یا کیمرہ کٹ آؤٹ سے متعلق کوئی باضابطہ تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ ممکن ہے کہ کمپنی حتمی ماڈل میں ان میں سے کچھ تبدیلیاں کرے یا موجودہ ڈیزائن کو ہی برقرار رکھے۔