مہنگائی کی ستائی عوام کیلئے بری خبر،20 کلو آٹے کا تھیلاپھر مہنگا

Sep 24, 2025 | 11:10:AM
مہنگائی کی ستائی عوام کیلئے بری خبر،20 کلو آٹے کا تھیلاپھر مہنگا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)پشاور میں آٹے کا 20 کلو تھیلا ایک بار پھر مہنگا ہو گیا،دو دن میں 20 کلو مکس آٹے کا تھیلا 150 روپے مہنگا ہوگیا ہے۔

آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ بیس کلو مکس آٹے کی قیمت 2 ہزار سے بڑھ کر 2150 روپے ہوگئی ہے، فائن آٹے کی قیمت میں 100 روپے اضافہ ہونے سے 20 کلو تھیلے کی قیمت 2300 روپے ہوگئی ہے۔

آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پنجاب سے گندم اور آٹے کی سپلائی میں رکاوٹوں سے قیمتوں میں اتار چڑھاؤ آتا ہے۔

دوسری جانب پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین بدر الدین کاکڑ نے حکومت پنجاب سے آٹے اور گندم کی نقل و حمل پر پابندی کا فوری خاتمہ اور چیک پوسٹیں ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ پابندی سے بلوچستان میں 20 کلو آٹے کی قیمت میں 800 روپے تک اضافہ ہوا ہے اور بلوچستان میں غذائی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب گندم کی پیداوار کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے جبکہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا گندم کی کم پیداوار والے صوبوں میں شمار ہوتے ہیں جبکہ سندھ کسی حد تک گندم کی پیداوار کے لحاظ سے خود کفیل ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا جوہری مذاکرات سے صاف انکار 

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ حکومت گندم کی قیمت کا تعین نہیں کرے گی اور نہ ہی گندم اور آٹے کی ملک بھر میں نقل و حمل پر کسی قسم کی پابندی لگائی جائے گی۔

حکومت پنجاب نے بارشوں اور سیلاب کے بعد اگست 2025ء میں گندم اور آٹے کی بین الصوبائی نقل و حمل پر پابندی عائد کر دی، جس کے بعد آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔