صدر نے سمری پر دستخط کردیے، جنرل عاصم منیر آرمی چیف بن گئے

صدر مملکت عارف علوی نے اہم تقرریوں سے متعلق سمری پر دستخط کردیے ہیں جس کے بعد جنرل عاصم منیر نئے آرمی چیف اور جنرل ساحر شمشاد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی بن گئے ہیں۔

Nov 24, 2022 | 16:47:PM
آرمی چیف, چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف, فواد چودھری, صدرمملکت, 24 نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے تقرر کے حوالے سے وزیر اعظم کی طرف سے بھیجی گئی سمری پر  دستخط کردیے ہیں۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے سمری ایوان صدر کو ارسال کی تھی ۔وزیر اعظم  نے جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف، جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی تقرری کی سمری ارسال کی تھی  ۔دونوں جنرلوں کی تقرری کا فیصلہ سینیارٹی کو بنیاد بنا کر کیا،وفاقی کابینہ نے اس کی  منظوری دی۔

 ضرور پڑھیں :لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کون ہیں؟

 لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو ستمبر 2018ء میں ٹو اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی لیکن انہوں نے دو ماہ بعد چارج سنبھالا جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ جنرل کے طور پر ان کا چار سالہ دور 27 نومبر کو ختم ہونا تھا ،اب بطور آرمی چیف  تقرری کے ساتھ  انہیں خود بخود مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع مل گئی ہے ۔

  

  لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر منگلا میں آفیسرز ٹریننگ سکول پروگرام کے ذریعے سروس میں شامل ہوئے اور فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا وہ اس وقت سے موجودہ چیف آف آرمی اسٹاف کے قریبی ساتھی رہے ہیں جب سے انہوں نے جنرل باجوہ کے ماتحت بریگیڈیئر کے طور پر فورس کمانڈ ناردرن ایریاز میں فوج کی کمان سنبھالی تھی جہاں اس وقت جنرل قمر جاوید باجوہ کمانڈر ایکس کور تھے۔

  اس کے بعد انہیں 2017ء کے اوائل میں ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس مقرر کیا گیا اور اگلے سال اکتوبر میں آئی ایس آئی کا سربراہ بنا دیا گیا۔ تاہم اعلیٰ انٹیلی جنس افسر کے طور پر ان کا اس عہدے پر قیام مختصر مدت کے لیے رہا کیونکہ اس وقت کے وزیر اعظم عمران خان کے اصرار پر 8 ماہ کے اندر ان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا تقرر کردیا گیا تھا۔ جی ایچ کیو میں کوارٹر ماسٹر جنرل کے طور پر منتقلی سے قبل انہیں گوجرانوالہ میں کور کمانڈر کے طور پر تعینات کیا گیا تھا جہاں وہ اس عہدے پر دو سال تک موجود رہے۔

اس سے قبل ذرائع نے دعویٰ کیا  تھا  کہ  آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے تقرر کے حوالے سے وزیر اعظم کی طرف سے بھیجی گئی سمری پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی دستخط کردیں گے۔

ادھر سابق وفاقی وزیر و پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدرمملکت اور عمران خان کی ملاقات 45منٹ جاری رہی، ایوان صدرساڑھے 6 سے 7 بجے اعلامیہ جاری کرے گا۔ صدر مملکت اور عمران خان نے اہم ترین تقرریوں سے متعلق مشاورت کی، اعلامیہ میں ملاقات کی تفصیل سے متعلق آگاہ کیا جائے گا، سب کچھ آئین و قانون کے مطابق ہی ہوگا۔