شاہ محمود قریشی ہسپتال سے ڈسچارج، جیل منتقل

May 24, 2025 | 15:30:PM
شاہ محمود قریشی ہسپتال سے ڈسچارج، جیل منتقل
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کو لاہور میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) سے ڈسچارج کر دیا گیا، انہیں پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں ہسپتال سے دوبارہ کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا، شاہ محمود قریشی گزشتہ آٹھ دنوں سے دل کی تکلیف کے باعث پی آئی سی میں زیر علاج تھے۔

ذرائع کے مطابق دو روز قبل ڈاکٹروں نے طبی معائنے کے بعد انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم ان کے اہل خانہ اور قانونی ٹیم نے اس فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا، وکیل رانا مدثر کے مطابق شاہ محمود قریشی کا بلڈ پریشر اور ہارٹ ریٹ معمول سے زیادہ تھا، جبکہ کئی اہم ٹیسٹس کی رپورٹس اب تک موصول نہیں ہوئیں۔

مزید پڑھیں:ڈی پورٹ ہونے والے افراد پر مقدمہ، پاسپورٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ 

رانا مدثر نے سوال اٹھایا کہ جب تک تمام میڈیکل رپورٹس دستیاب نہ ہوں، اس وقت تک ڈسچارج کا فیصلہ کیسے کیا جا سکتا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ قریشی کی حالت مکمل طور پر مستحکم نہیں تھی اور جلد بازی میں ان کی جیل منتقلی ان کی صحت کے لیے خطرناک ہو سکتی ہے۔

شاہ محمود قریشی کے اہل خانہ نے بھی خدشات ظاہر کیے کہ ان کی صحت سے متعلق خطرات کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی کو چند روز قبل دل کی تکلیف کے باعث کوٹ لکھپت جیل سے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں انہیں طبی نگرانی میں رکھا گیا تھا۔