کراچی سمیت سندھ کے جنوبی اضلاع میں ہیٹ ویوکاامکان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ مزید شدت اختیار کرکے ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا جس کے نتیجے میں کراچی سمیت سندھ کے جنوبی اضلاع میں ہیٹ ویومتوقع ہے۔
کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کےباوجود گرمی کی لہر برقرار ہے،بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ بھارتی ساحل سےگزرنے کے بعد کمزور ہونےکا امکان ہے،اس سسٹم کےزیراثر کراچی سمیت سندھ کے جنوبی اضلاع میں ہیٹ ویوکی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے اورکراچی میں اس دوران پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب پہنچنے والے عازمینِ حج کی تعدادسامنے آگئی
محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری تک بڑھنے کی توقع ہے،کل درجہ حرارت میں ایک سےدو ڈگری اضافے کا بھی امکان ظاہرکیاگیا ہے۔
بحیرہ عرب میں موجود کم دباؤ مزید شدت اختیار کر گیا ہے جس کے بعد پاکستانی ساحلوں کو نقصان پہنچانے یا نہ پہنچانے کے حوالے سے پیشگوئی بھی سامنے آ گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ٹروپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اطلاع کے مطابق بحیرہ عرب میں موجود کم دباؤ نے مزید شدت اختیار کر لی ہے اور یہ سسٹم اب ’’ڈپریشن‘‘میں تبدیل ہو چکا ہے،یہ ڈپریشن کراچی سے تقریباً 1058 کلومیٹر جنوب مشرق میں موجود ہے اور مشرقی سمت میں بڑھنے کے بعد کونکن کے قریب ہندوستانی ساحل کو عبور کرنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ فی الحال پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو کوئی خطرہ نہیں ہے،تاہم سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی اس سسٹم کی مستقل نگرانی کر رہا ہے۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق ڈپریشن کی شدت بڑھ کر ڈیپ ڈپریشن اور بعد ازاں ممکنہ طور پر سمندری طوفان میں تبدیل ہو سکتی ہے،اگر ایسا ہوا تو اس طوفان کو ’’شکتی‘‘ (طاقت) کا نام دیا جائے گا، جو سری لنکا کی جانب سے تجویز کردہ نام ہے۔
دوسری جانب پاکستان فشر فوک فورم کی جانب سے ماہی گیروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ آئندہ چند دنوں تک کھلے سمندر میں نہ جائیں،تمام ماہی گیر حفاظتی اقدامات کو مدنظر رکھیں اور جب تک سمندری حالات مکمل طور پر سازگار نہ ہو جائیں، ماہی گیری سے گریز کریں۔