سمارٹ فونز کا عہد کب تک ختم ہو جائے گا؟ گوگل کے سی ای او کی اہم پیشگوئی

Jul 24, 2025 | 22:49:PM
سمارٹ فونز کا عہد کب تک ختم ہو جائے گا؟ گوگل کے سی ای او کی اہم پیشگوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)موجودہ عہد میں بیشتر افراد سمارٹ فونز کے بغیر زندگی کا تصور بھی نہیں کر سکتے، مگر بظاہر ان کا عہد بہت تیزی سے ختم ہونے کے قریب ہے۔

درحقیقت گوگل اور اس کی سرپرست کمپنی الفابیٹ کے چیف ایگزیکٹو سندر پچائی نے اس حوالے سے پیشگوئی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) پر مبنی مصنوعات کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

الفابیٹ کی سہ ماہی آمدنی کی رپورٹ کے نتائج جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اے آئی پر مبنی پراڈکٹس جیسے سمارٹ گلاسز تیزی سے ابھرتی ڈیوائسز ہیں۔

ان کے خیال میں اب بھی کم از کم 2 سے 3 سال تک سمارٹ فونز صارفین کی توجہ کا مرکز رہیں گے۔

مگر ان کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے سمارٹ گلاسز زیادہ مقبول ہوں گے، سمارٹ فونز کا استعمال کم ہونے لگے گا۔

سندر پچائی نے کہا کہ جیمنائی 2.5 سیریز خاص طور پر پرو ماڈل بہت زبردست کام کر رہے ہیں اور ابھی ہم نے انہیں پوری طرح جاری بھی نہیں کیا۔

یہ پہلی بار نہیں جب کسی ٹیکنالوجی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو نے سمارٹ فونز کے مستقبل کے بارے میں پیشگوئی کی ہے۔

2025 کے شروع میں چیٹ جی پی ٹی تیار کرنے والی کمپنی اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سام آلٹمین نے پیشگوئی کی تھی کہ بہت جلد سمارٹ فونز کا عہد ختم ہو جائے گا۔

اس انٹرویو میں سام آلٹمین نے عندیہ دیا کہ اوپن اے آئی کی جانب سے سمارٹ فونز کے متبادل پر کام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اوپن اے آئی کمپنی سمارٹ فونز کے متبادل کے طور پر چیٹ جی پی ٹی ہارڈ وئیر (آسان الفاظ میں ڈیوائسز) تیار کرنا چاہتی ہے۔

اوپن اے آئی واحد کمپنی نہیں جو سمارٹ فونز کے عہد کے خاتمے کی بات کر رہی ہے، ایپل کی جانب سے بھی اگیومینٹڈ رئیلٹی ٹیکنالوجی پر مبنی گلاسز کی تیاری پر کام کیا جا رہا ہے۔

کمپنی کو توقع ہے کہ یہ ڈیوائس لوگوں کو آئی فونز بھولنے پر مجبور کر دے گی۔

ایپل کے مقابلے میں اوپن اے آئی کی حکمت عملی مختلف ہونے کا امکان ہے اور چیٹ جی پی ٹی اے آئی ڈیوائس کیسی ہوگی، اس کے لیے ابھی انتظار کرنا ہوگا۔