چونیاں: اشتہاری مخالفین نے گھات لگا کر ماں بیٹے کو قتل کردیا

Feb 24, 2023 | 10:20:AM
چونیاں: اشتہاری مخالفین نے گھات لگا کر ماں بیٹے کو قتل کردیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) صوبہ پنجاب کی تحصیل چونیاں میں دیرینہ دشمنی پر ماں بیٹے کو قتل کردیا گیا، ورثاء نے احتجاج کرتے ہوئے پولیس سے ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کا مطالبہ کردیا۔

   پولیس ذرائع کے مطابق چونیاں کچہری سے تاریخ سے واپس گھر جاتے ماں بیٹے کو دیرینہ دشمنی پر اصغر و دیگر تین ملزمان نے چونیاں بائی پاس پر فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ ماں بیٹا موٹر سائیکل پر سوار ہو کر اپنے گاؤں مستوال جگھیاں جا رہے تھے۔

پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ مقتولین میں ماں کی شناخت 50 سالہ آسیہ بی بی اور 19 سالہ بیٹے احمد کے نام سے ہوئی ہے، مقتولین کی دیرینہ دشمنی چلی آ رہی تھی، تھانہ سٹی چونیاں پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں کو قبضہ میں لیکر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: سرگودھا، معمولی رنجش پر 3 افراد قتل

دوسری جانب مقتولین کے ورثاء نے لاشوں کو مین شہر چونیاں منتقل کردیا اور چھانگا مانگا الٰہ آباد روڈ کو بند کرکے احتجاج کرتے ہوئے پولیس سے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ مخالفین 2005ء سے لے کر اب تک ہمارے 7 افراد قتل کرچکے ہیں، ملزمان اشتہاری ہیں جنہیں پولیس اب تک گرفتار نہیں کرسکی، ہم نے بار بار پولیس کو ملزمان کی سی ڈی آر دیں اور بتایا کہ ہمیں ملزمان کی طرف دھمکیاں مل رہی ہیں لیکن پولیس کی روایتی سستی اور نااہلی کی وجہ سے آج ماں بیٹا دن دیہاڑے قتل ہوگئے۔ جب تک ہمارے ملزمان گرفتار نہیں ہوتے لاشیں پولیس کے حوالے نہیں کریں گے۔

اس حوالے سے ڈی ایس پی چونیاں کا کہنا تھا کہ پولیس کی سپیشل ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں، ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔