فلموں میں ’ویدو‘ کے نام سے مشہور وحید مراد کو ہم سے بچھڑے 39 برس بیت گئے

Nov 23, 2022 | 12:54:PM
چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کو مداحوں سے بچھڑے 39 برس بیت گئے
کیپشن: برصغیر میں دلیپ کمار کے بعد واحد ہیرو تھے جن کے بالوں کے اسٹائل اور ملبوسات کی نقل کی گئی۔وحید مراد
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) پاکستانی فلموں کے لیجنڈ اداکاراورچاکلیٹی ہیروکے نام سے مشہور وحید مراد کو ہم سے بچھڑے 39 برس بیت گئے۔

شہرہ آفاق ہیرو وحید مراد نے 2 اکتوبرسن 1938ء کو فلم ساز نثار مراد کے گھر آنکھ کھولی، کراچی یونیورسٹی سے انگریزی ادب میں ایم اے یافتہ وحید مراد نے کیرئیر کی شروعات سن 1962ء میں بننے والی فلم ’اولاد‘ سے کی۔

بطور ہیرو وحید مراد کی پہلی فلم ’ہیرا اور پتھر‘ تھی۔ سلور اسکرین پر 75 ہفتے مسلسل چلنے والی فلم ’ارمان‘ نے وحید مراد کو بام عروج پر پہنچایا اور وہ پاکستانی فلم انڈسٹری کے پہلے باقاعدہ سپر اسٹار کہلائے۔ وہ برصغیر میں دلیپ کمار کے بعد واحد ہیرو تھے جن کے بالوں کے اسٹائل اور ملبوسات کی نقل کی گئی۔

ایک دور میں اداکار وحید مراد نے ہدایت کار پرویز ملک، گیت نگار مسرور انور، موسیقار سہیل رعنا، گلوکار احمد رشد ی کے ساتھ فلم میکنگ کے دوران کامیابیوں کے ریکارڈ قائم کیے۔ فلمی ناقدین کہتے ہیں کہ وحید مراد ایک فرد نہیں بلکہ ایک ادارہ تھے۔

چاکلیٹی ہیرو وحید مراد نے فلم دوراہا، عندلیب، جب جب پھول کھلے، سالگرہ، انجمن، جہاں تم وہاں ہم، پھول میرے گلشن کا اور دیور بھابھی سمیت کل 124 فلموں میں کردار نگاری کی۔ وحید مراد کے فلمی عروج و زوال کو ہالی ووڈ اداکار ایلوس پریسلے سے تشبیہ دی جاتی ہے۔ جنھوں نے طویل شہرت کے بعد اچانک زوال کا منہ دیکھا۔

23 نومبر 1983ء کو پاکستانی فلم انڈسٹری کو نئی جدتیں دینے والے وحید مراد دار فانی سے کوچ کرگئے۔ فنی خدمات کے صلے میں انھیں ستارہ امتیاز، نگار، گریجویٹ، نیشنل اور مصورسمیت دیگر ایوارڈز سے نوازا گیا۔