صرف ’’2 سموسے‘‘ اورقیمت ’’سمارٹ واچ‘‘؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)شاید ہی کوئی شخص ہو جس کو سموسہ پسند نہ ہو لیکن ایک نوجوان کو 2 سموسے کھا کر اس کی قیمت میں سمارٹ واچ دینی پڑی۔
سموسہ صرف ہمارے خطہ میں نہیں بلکہ دنیا بھر میں مختلف اشکال میں مقبول ترین کھانا ہے۔ ہمارے خطے میں تو مہمان کی تواضع ہو یا شام کی چائے یا پھر برسات، یہ سب سموسے کے ذائقہ کے بغیر ادھورے ہیں۔
سموسہ عموماً 20 یا 30 روپے میں ملتا ہے، لیکن ایک نوجوان نے 2 سموسے کھا کر اس کی قیمت اپنے ہاتھ میں پہنی قیمتی سمارٹ واچ دے کر ادا کی۔
اپنی نوعیت کا یہ منفرد واقعہ بھارت میں پیش آیا جس میں جبل پور ریلوے سٹیشن پر ٹرین کے مسافر نوجوان نے سموسے کھائے اور ڈیجیٹل ادائیگی نہ ہونے پر اسے چند سموسوں کی قیمت کے طور پر اپنے ہاتھ میں پہنی قیمتی سمارٹ واچ دے کر ادا کرنی پڑی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جبل پور ریلوے سٹیشن پر ٹرین رکی تو نوجوان نے اتر کر سموسے خریدے اور پیٹ پوجا کی، تاہم جب سموسوں کی قیمت ڈیجیٹل ادائیگی کے ذریعہ کرنے کی کوشش کی تو سسٹم کی خرابی کے باعث ادائیگی نہ ہو سکی۔
یہ بھی پڑھیں:گورنر کے پی نے گورننس کی بہتری کیلئے وزیراعلیٰ کو تعاون کی پیشکش کردی
اس موقع پر ٹرین نے بھی وسل دی تو سموسہ فروش نے نوجوان کا گریبان پکڑ لیا اور اس پر تشدد بھی کیا جس کے بعد مسافر نوجوان نے اپنے ہاتھ میں پہنی قیمتی اسمارٹ گھڑی دے کر اپنی جان چھڑائی اور چلتی ٹرین کو بھاگتے ہوئے پکڑا جب کہ سموسہ فروش نے اس کو مزید دو سموسے بھی دے دیئے۔
یوں نوجوان کو چند سموسے قیمتی سمارٹ واچ کے پڑے، مذکورہ واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہوئی۔ جس پر نہ صرف صارفین سموسہ فروش کے رویے کی مذمت کر رہی ہیں بلکہ ریلوے عملہ بھی حرکت میں آ گیا ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ سموسہ فروش کی شناخت ہو گئی ہے اور اس کو حراست میں لینے کے ساتھ پلیٹ فارم پر سامان بیچنے کا لائسنس بھی منسوخ کر دیا ہے۔