سینئر سیاستدان اور سابق گورنر پنجاب میاں اظہر انتقال کر گئے

Jul 22, 2025 | 22:20:PM
سینئر سیاستدان اور سابق گورنر پنجاب میاں اظہر انتقال کر گئے
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عثمان خادم کمبوہ)سینئر سیاستدان ،پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی اور سابق گورنر پنجاب میاں اظہر 83 سال کے عمر میں انتقال کر گئے۔ 

ان کے انتقال کی تصدیق خاندانی ذرائع نے کی ہے، وہ طویل عرصے سے علیل تھے۔

خاندانی ذرائع کے مطاق ان کی نماز جنازہ کل 1:30 بجے ماڈل ٹاؤن  پارک میں ہوگا۔

 میاں اظہر   کا سیاسی سفر: 

میاں اظہر  پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما حماد اظہر کے والد تھے،وہ این اے 129 لاہور سے رکنِ قومی اسمبلی بھی منتخب ہوئے تھے،میاں اظہر ماضی میں مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما اور بانیوں میں شمار کیے جاتے تھے، جبکہ وہ مسلم لیگ (ن) کا بھی حصہ رہے ،انہوں نے پنجاب کے گورنر کے طور پر خدمات انجام دیں اور ملکی سیاسی تاریخ میں ان کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

جنرل ضیاالحق نے سیاسی جماعتوں کو کمزور کرنے کے لیے جب بلدیاتی نظام کا ڈال ڈالا تو وہ اس کا حصہ بن گئے،1979 اور 1983 میں ہونے والے انتخابات کے نتیجے میں میاں شجاع الرحمٰن لاہور کے مئیر بنے لیکن1987 میں قرعہ آرائیں برادری سے تعلق رکھنے والے میاں اظہر کے نام نکلا۔

لاہور کا میئر بننے کے بعد انھوں نے میرٹ کو بہت اہمیت دی اور تجاوزات کے خلاف ایک کامیاب مہم چلائی،اس وقت کے وزیر اعلیٰ نواز شریف کے ایک ماموں نے ہال روڈ پر سرکاری زمین پر ناجائز تعمیرکرر کھی تھی اور پورے لاہور کی نظریں اس بات پر لگی ہوئی تھیں کہ میاں اظہر اس چیلنج سے کس طرح عہدہ برآ ہوتے ہیں،میاں اظہر نے اپنی شہرت کے مطابق عمل کیا اور اس ناجائز عمارت کو منہدم کروا دیا۔

میاں اظہر کو 1990 میں پنجاب کا گورنر بنا دیا گیا اور وہ 3 سال تک اس عہدے پر فائز رہے،نواز شریف حکومت کے خاتمے کے بعد انھوں نے بھی استعفیٰ دے دیابعد میں جب سپریم کورٹ نے اسمبلی کو بحال کیا تو میاں اظہر کو بطور گورنر اور پرویز مسعود کو بطور چیف سیکریٹری پنجاب کو ’فتح‘ کرنے کے لیے بھیجا گیالیکن انھیں اس میں کوئی خاص کامیابی حاصل نہ ہوئی اور جب نواز شریف اور غلام اسحاق خان میں تصادم کی کیفیت پیدا ہوئی تو وہ بغیر کسی مزاحمت کے گورنر ہاؤس چھوڑ کر سنت نگر چلے گئے۔

1993 میں نواز شریف نے قومی اسمبلی کے2 حلقوں سے کامیابی حاصل کی اور ان کی خالی کردہ نشست سے میاں اظہر نے ضمنی انتخاب لڑا اور جیت کر حزب مخالف میں رہے۔

1997 میں ہونے والے عام انتخابات میں میاں اظہر نے لاہور کے مضافات شاہدرہ سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا اور کامیابی حاصل کی۔

نواز شریف حکومت کے آخری دنوں میں انھوں نے خورشید محمود قصوری، غلام سرور چیمہ، سکندر ملہی، فخر امام، عابدہ حسین اور میاں منیر کے ساتھ مل کر ہم خیال گروپ تشکیل دیا، یہ گروپ نواز شریف حکومت کے خاتمے کے بعد بھی قائم رہا اور مزید ارکان اسمبلی نے اس گروپ میں شمولیت اختیار کر لی۔

جب نواز شریف نے اپنی مرضی سے پاکستان مسلم لیگ کے مجلس عاملہ کے ارکان کے ناموں کا اعلان کیا تو گجرات سے تعلق رکھنے والے چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی کو مسلم لیگ سے علیحدگی کا بہانہ مل گیا اور اسی ہم خیال گروپ کی کوکھ سے مسلم لیگ (قائد اعظم) نے جنم لیا۔

یہ بھی پڑھیں : مولانا فضل الرحمان سے گرینڈ قبائلی جرگے کے نمائندہ وفد کی ملاقات