پلان فیل ۔۔محبوبہ سے بنی بیوی اور پھر جاسوس،شک نے آخر قاتل بنا دیا

Dec 22, 2025 | 17:55:PM
پلان فیل ۔۔محبوبہ سے بنی بیوی اور پھر جاسوس،شک نے آخر قاتل بنا دیا
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)بھارتی ریاست گجرات کی کاجل پٹیل کو 15 سال پہلے محبت ہوئی۔ اس نے اپنی محبت کو مکمل کرنے کیلئے اپنے محبوب سے شادی کر لی۔ دونوں کے2بچے ہوئے۔ سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا کہ اچانک شادی کے 15 سال بعد اسکی زندگی میں دوسری خاتون کی انٹری ہو گئی۔ یہ خاتون بار بار اسکے شوہر کے آس پاس دکھائی دیتی تھی، جس سے کاجل کے دل میں شک کا زہر ابلنے لگا۔ شوہر کے  گرد گھومنے والی دوسری عورت کو مروا دینے کیلئے کاجل پہلے محبوبہ اور پھر بیوی بنی اور کے بعد جاسوس بن گئی اور پھر مجرم بن بیٹھی۔

بھارت کی ایک بڑی اردو ویب سائٹ کے مطابق یہ کہانی بظاہر فلمی لگتی ہے،لیکن حقیقت  میں کاجل اس  دوسری خاتون کو مروانے کیلئے اپنے زیورات تک داؤ پر لگانے کو تیار ہو گئی۔انہی زیورات کے سہارے اس نے اپنی مبینہ سوتن کو قتل کروانے کے لیے قاتل کو سپاری دے دی۔ قاتل اپنے منصوبے میں کامیاب ہوتا، اس سے پہلے ہی راجستھان کی جھن جھنو پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔ پھر کاجل بھی پولیس کی گرفت میں آ گئی۔کاجل پٹیل گجرات کے مہسانہ ضلع کے اونجھا قصبے کی رہنے والی کاجل پٹیل ایک سرکاری اسکول میں ہیڈ مسٹریس ہے۔حال ہی میں بھارتی ریاست راجستھان  کے شہر جھن جھنو  کی پلانی پولیس نے کاجل پٹیل کو اپنے شوہر کی مبینہ گرل فرینڈ کو قتل کروانے کا منصوبہ بنانے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ پوچھ گچھ میں کاجل پٹیل نے جو انکشافات کئے ان سے پولیس بھی دنگ رہ گئی۔

 ایس پی برجیش جیوتی اپادھیائے نے بتایا کہ کاجل پٹیل نے پوچھ گچھ میں بتایا کہ اس کے شوہر ہاردک پٹیل کے اونجھا قصبے میں ہی ایک خاتون نرس سے مبینہ ناجائز تعلقات تھے، جس پر دونوں کے درمیان کافی تناؤ رہتا تھا۔ مئی 2025 میں کاجل اپنے شوہر کے ساتھ آسٹریلیا گھومنے گئی تھی، جہاں اسکی ملاقات گجرات پولیس سی آئی ڈی کے ایک مبینہ کانسٹیبل سے ہوئی۔کاجل اور کانسٹیبل کے درمیان بات چیت بعد میں دوستی میں بدل گئی۔ کاجل نے اپنی پریشانی اس مبینہ کانسٹیبل کے سامنے رکھی۔ پھر دونوں نے ملکر اس خاتون نرس کو قتل کروانے کا منصوبہ بنایا۔ اس کے لیے 15 لاکھ روپے میں سودا طے ہوا۔ اس کانسٹیبل نے گجرات کی ہی ایک ٹرانسپورٹ میں کام کرنے والے گوپال شرما کو نرس کے قتل کا کام سونپا۔ گوپال شرما نے اپنے ساتھ کام کرنے والے جھن جھنو کے پلانی کے پیلود گاؤں کے رہنے والے انوج شرما کو یہ ڈیل بتائی۔ اس کے بعد انوج نے پلانی کے ہی نرہڑ کے رہنے والے بدنام زمانہ ہمانشو چودھری کو لکھوا باشندہ سچن میگھوال اور بھوپیندر میگھوال کے ذریعے قتل کی سپاری دی۔ ہمانشو نے پانتھڑیا کے منوج والمیکی اور آکاش والمیکی کے ذریعے جے پور سے اتر پردیش کے ایک اسلحہ سپلائر سے پستول اور کارتوس خریدے۔

ایس پی برجیش جیوتی اپادھیائے نے بتایا کہ اسی دوران پلانی تھانہ علاقے میں ایک ٹھیکے پر فائرنگ کا معاملہ سامنے آیا۔ اس کیس میں پولیس نے 6ملزمان کو گرفتار کیا۔ ان سے پوچھ گچھ کے دوران نرس کے قتل کی سازش کی کہانی سامنے آئی۔ تفتیش میں ہیڈ مسٹریس اور اس قتل منصوبے کی مرکزی سازش کار کاجل پٹیل کا نام سامنے آیا، جس پر اسے گرفتار کر لیا گیا۔ایس پی نے بتایا کہ کرائے کے شوٹر نے نرس کو مارنے کی سپاری لینے کے بعد ایک لاکھ روپے ملتے ہی اسلحہ خرید لیا اور اسے قتل کرنے کے لیے گجرات بھی چلے گئے تھے۔ سپاری کلنگ میں شامل بدمعاشوں کو نرس کو ہی ڈاکٹر بتا کر قتل کروانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ اس کی تصویر دکھائی گئی، ریکی کے دوران شکل بھی دکھوا دی گئی، لیکن وہاں لگے سی سی ٹی وی کیمروں سے وہ گھبرا گئے۔ملزمان نرس کے قتل کی نیت سے ایک دو دن گجرات میں رہ کر موقع تلاش کرتے رہے، لیکن کامیابی نہ ملی تو واپس آ گئے۔ واپس آنے کے بعد انہوں نے جھن جھنو ضلع کے پلانی تھانہ علاقے میں بھتہ خوری کے لیے فائرنگ کر دی۔ اسی معاملے میں وہ جھن جھنو میں پکڑے گئے۔ بعد میں پولیس نے جب انہیں ریمانڈ پر لیا تو نرس کے قتل کی سازش کے تمام تار کھل گئے۔ اس کے بعد پولیس نے کڑی سے کڑی جوڑتے ہوئے گجرات پہنچ کر کاجل کو گرفتار کر لیا۔ کاجل کو گجرات سے جھن جھنو   میں لا کر پوچھ گچھ کی گئی تو یہ سنسنی خیز انکشاف سامنے آیا۔

ایس پی برجیش جیوتی اپادھیائے نے بتایا کہ ہیڈ مسٹریس کاجل پٹیل نے شوہر پر شک ہوتے ہی اسکی جاسوسی بھی شروع کر دی تھی۔ اس نے نہ صرف گھر میں بلکہ کئی جگہ آڈیو ریکارڈر لگوا دئیےتھے۔ وہ اپنے شوہر ہاردک پٹیل کی گاڑی میں بھی آڈیو ریکارڈر رکھ کر ہر وقت اسکی باتیں سنتی رہتی تھی۔ اس نے مبینہ سی آئی ڈی کانسٹیبل سے بھی اپنے شوہر کی ریکی کروائی۔ساتھ ہی کانسٹیبل پر دباؤ بنایا کہ وہ اپنے عہدے کا استعمال کرتے ہوئے شوہر کی کالز  ریکارڈ  کی تفصیلات اور لوکیشن نکلوا دے، لیکن کانسٹیبل ایسا نہ کر سکا۔ایس پی کے مطابق کاجل نے یہ بھی طے کر لیا تھا کہ شوٹرز کو 15 لاکھ روپے دینے کیلئے وہ اپنے زیورات بیچ دے گی، لیکن اس کے سامنے صرف اور صرف نرس کا قتل ہی تھا۔ اس کے لیے وہ کچھ بھی کرنے کو تیار تھی۔ 
 اسی جنون میں اس نے سب کام کاج چھوڑ کر اپنے شوہر کی مبینہ گرل فرینڈ کو مروا دینے کیلئے ہر طریقہ اپنایا، لیکن اسکی یہ سازش کامیاب نہ ہو سکی۔ پکڑے جانے کے بعد اسکے چہرے پر بھی اس سازش کے ناکام ہونے کا غم صاف نظر آ رہا تھا۔ پولیس تمام شواہد اکھٹے کرکے مزید تفتیش کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:روہت شرما کا مستقبل ،ویڈیو پیغام میں بڑا اپڈیٹ دیدیا