جنات کی کہانیوں کے حوالے سے مشہور امارات کا ’بھوتوں والا محل‘ فروخت کیلئے پیش
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک ) برسوں سے ویران اور بھوتوں کی کہانیوں کے حوالے سے مشہور القاسمی محل کو اس کے مالک نے فروخت کے لیے پیش کر دیا۔
امارتی میڈیا کے مطابق یہ 4 منزلہ محل 1985 میں مرحوم شیخ عبدالعزیز بن حمید القاسمی نے تعمیر کروایا تھا، 20 ہزار مربع میٹر پر پھیلے ہوئے اس محل میں 35 کمرے ہیں۔
محل کے ڈیزائن میں اسلامی، مراکشی، فارسی اور بھارتی طرزِ تعمیر کی جھلک نظر آتی ہے، اس میں فرانس اور بیلجیئم سے منگوائے گئے فانوس، فرش پر اعلیٰ معیار کا سنگ مرمر اور چھت پر شیشے کا اہرام نما گنبد نصب کیا گیا ہے۔
ایک پہاڑی پر قائم اس محل کو دیکھنے والوں کو رشک اور خوف دونوں کیفیات میں مبتلا کرتا ہے،مقامی لوگ اس محل کے حوالے سے جنات،جھلملاتی روشنیوں اور بھوت نما سایوں کی کہانیاں سناتے ہیں جس کے باعث اسے ’بھوتوں کا محل‘ کہا جاتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس محل کو تعمیر کروانے والے شیخ عبدالعزیز خود کبھی اس محل میں نہیں رہے، ان کے اہلِ خانہ نے محل میں مجسموں اور تصاویر کی موجودگی پر اعتراض کیا تھا جس کے بعد یہ عمارت خالی چھوڑ دی گئی۔
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ محل میں جنات کے قبضے سے متعلق افواہیں زور پکڑتی گئیں،مقامی روایت کے مطابق یہ محل اس درخت کی کٹائی کے بعد آسیب زدہ ہوا جس پر جنات رہتے تھے،محل کے موجودہ مالک نے تصدیق کی کہ یہ محل 2 کروڑ 50 لاکھ درہم میں فروخت کے لیے دستیاب ہے لیکن اس شرط کے ساتھ کہ اس کا خریدار اماراتی شہری ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب: اعضا عطیہ کرنے والے 200 شہریوں کیلئے شاہی اعزازات کا اعلان