پاکستان سی پیک کے اگلے مرحلے میں اعلیٰ معیار کی ترقی کیلئے پُرعزم ہے:وزیراعظم

May 21, 2026 | 10:04:AM
پاکستان سی پیک کے اگلے مرحلے میں اعلیٰ معیار کی ترقی کیلئے پُرعزم ہے:وزیراعظم
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں دونوں ممالک اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط، مؤثر اور تزویراتی اہمیت کی حامل ہوتی گئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد، خودمختار برابری اور امن و ترقی کی مشترکہ خواہشات پر مبنی ہیں، جو اب ایک مضبوط “ہر موسم کی تزویراتی اشتراکی شراکت داری” میں تبدیل ہو چکے ہیں۔

انہوں نے چین کے صدر شی جن پنگ کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین نے جدیدیت، اختراع، غربت کے خاتمے اور قومی ترقی میں غیرمعمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں، جو ترقی پذیر ممالک کے لیے باعثِ تحریک ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان “ایک چین” کے اصول پر اپنے غیرمتزلزل مؤقف کا اعادہ کرتا ہے جبکہ سی پیک نے پاکستان میں بنیادی ڈھانچے، توانائی اور صنعتی تعاون میں اہم کردار ادا کیا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان سی پیک کے اگلے مرحلے میں اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے پُرعزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ

وزیراعظم کے مطابق پاک چین تعاون اب ڈیجیٹل معیشت، جدت، خلائی معاونت، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں تک پھیل چکا ہے جبکہ دونوں ممالک عالمی غیر یقینی صورتحال میں بھی کثیرالجہتی تعاون، پُرامن بقائے باہمی اور جامع ترقی کے اصولوں پر کاربند ہیں۔

انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی آنے والی نسلوں کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی رہے گی۔

“پاک چین دوستی زندہ باد”