عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ کیساتھ مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں کئے: بیرسٹر گوہر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں کئے،پوری قوم اتحاد قائم کرے اور متحد رہے، اگر انڈیا نے دوبارہ کچھ ایسا کیا تو پوری قوم ملکر جواب دے گی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اپنی افواج کے ساتھ کھڑی رہی اور ساتھ دیا، جنگ کی فضاء ابھی بھی موجود ہے لیکن اللہ نے پاکستان اور افواج پاکستان کو کامیابی سے نوازا ہے، پاکستان کو اللہ نے اس کامیابی سے نوازا جس کا تصور ہم نے خود بھی نہیں کیا تھا،انہوں نے کہا کہ 1971 ہو یا 1965 ان دونوں جنگوں سے یہ جنگ زیادہ خطرناک تھی، دونوں ممالک نیوکلیئر پاور ہیں اس میں پاکستان کو کامیابی ملنا اعزاز کی بات ہے اور انڈیا کا غرور خاک میں مل گیا ہے،
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ رابطے بحال نہیں ہوئے لیکن بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں کئے، پی ٹی آئی پاکستان کی بڑی جماعت ہے اور بانی پی ٹی آئی بڑے لیڈر ہیں اس لئے یہ سختیاں اب ختم ہونی چاہئیں۔