چین پاکستان کو 5 لاکھ کورونا ویکسین تحفہ دیگا، شاہ محمود قریشی

Jan 21, 2021 | 18:53:PM
چین پاکستان کو 5 لاکھ کورونا ویکسین تحفہ دیگا، شاہ محمود قریشی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے قوم کو خوش خبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ چین نے 5 لاکھ ویکسین ڈوزز 31 جنوری تک پاکستان کو تحفتاً مہیا کر نے کا وعدہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود نے کرونا ویکسین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا عالمی وبائی چیلنج کا مقابلہ پوری قوم نے مل کر کیا۔ وزیر خارجہ وزیر اعظم عمران خان، خود کورونا وبا سے متعلقہ تمام اہم اجلاسوں کی سربراہی کرتے رہے ہیں۔ این سی او سی نے عمدہ کوآرڈینیشن کا مظاہرہ کیا ۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے عوام الناس کی جانوں کو وائرس سے بچانے اور ساتھ ہی ساتھ معیشت کو بچانے کے لئے جو کردار ادا کیا اسے عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اگلا چیلنج اس وبا سے نبرد آزما ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف اور عمررسیدہ شہریوں کو وبا سے تحفظ فراہم کرنے کے لئے ویکسین کی دستیابی تھا ۔ میری دسمبر میں چینی وزیر خارجہ سے اس حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی، وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر میری چینی وزیر خارجہ سے ابھی دوبارہ گفتگو ہوئی ہے۔
 وزیر خارجہ نے کہا کہ میں قوم کو خوش خبری سنانا چاہتا ہوں کہ چین نے وعدہ کیا ہے کہ 5 لاکھ ویکسین ڈوزز 31 جنوری تک پاکستان کو تحفتاً مہیا کر دی جائیں گی۔ میں نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، ان سے گزارش کی کہ مستقبل قریب میں ہماری ضرورت 1.1 ملین ڈوزز کی ہے جس پر انہوں نے یقین دلایا کہ مطلوبہ مقدار میں ویکسین فروری کے آخر تک مہیا کر دی جائیں گی ۔
 انہوں نے واضح کیا کہ جب چین نے کورونا وبا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے، گلوبل پبلک گڈ کے تحت دیگر ممالک کے ساتھ تعاون کا فیصلہ کیا تو ہم نے آل ویدر اسٹریٹیجک شراکت داری کو مدنظر رکھتے ہوئے سب سے پہلے پاکستان کا انتخاب کیا ،میں نے انہیں آگاہ کیا کہ ہمارے ہاں کین سائینو ویکسین کے ٹرائلز کامیابی سے جاری ہیں، میں نے انہیں کہا کہ پاکستان 220 ملین آبادی کا ملک ہے ہم اس وسیع آبادی کے پیش نظر ٹرائل کی تکمیل کے بعد چین کے تعاون سے پاکستان میں اس ویکسین کی تیاری کا ارادہ رکھتے ہیں جس پر انہوں نے آمادگی کا اظہار کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ویکسین کی پہلی کھیپ چین جذبہ خیر سگالی کے تحت تحفتاً بھجوا رہا ہے۔ ہم اس جذبہ خیر سگالی پر چین کے شکرگزار ہیں۔میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ سب گھرانوں کو اس بیماری سے محفوظ رکھے۔