آج کا پکوان: چکن الفریڈو پاستا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)چکن الفریڈو پاستا بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزا: مکھن ایک بڑا چمچہ، لہسن ایک سے ۲؍ جوئے کٹے ہوئے، پیاز آدھی کٹی ہوئی، چکن بون لیس آدھا کلو گرام۔
سوس کیلئے: مکھن ایک چھوٹا چمچہ، مشروم ۲؍ سے ۳؍ عدد کٹے ہوئے، دودھ ۲۵۰؍ گرام، کریم ایک کپ، نمک حسب ِ ذائقہ، کالی مرچ حسب ِ ذائقہ، سفید مرچ آدھا چھوٹا چمچہ، تھائم آدھا چھوٹا چمچہ، اوریگانو آدھا چھوٹا چمچہ، چکن پاؤڈر ایک چھوٹا چمچہ، کالے زیتون ۴؍ سے ۵؍ عدد، پارسلے ایک چوتھائی گڈی کٹی ہوئی۔
بنانے کا طریقہ: فرائنگ پین میں درمیانی آنچ پر مکھن کو پگھلا لیں، اب اس میں لہسن اور پیاز شامل کریں اور رنگت تبدیل ہوجانے تک بھون لیں، اب اس میں بغیر ہڈی والی چکن شامل کریں، اور ۸؍ سے ۱۰؍ منٹ تک، یا پھر مرغی کے گل جانے تک پکائیں، اب چکن کو نکال لیں اور ایک طرف رکھ دیں۔
اسی فرائنگ پین میں درمیانی آنچ پر مکھن پگھلا لیں اب اس میں مشروم ڈالیں، جب تک مشروم نرم نہ ہوجائیں تب تک پکائیں۔ اب اس میں تھوڑا تھوڑا کر کے دودھ شامل کریں،درمیان میں اچھی طرح سے چمچہ چلاتے رہیں،اب اس میں کریم شامل کریں اور چمچہ چلائیں، یہاں تک کہ تمام چیزیں اچھی طرح مکس ہوجائیں اور سوس گاڑھی ہونے لگے۔
اب اس میں نمک، کالی مرچ، سفید مرچ، تھائم، اوریگانو اور چکن پاؤڈر شامل کریں، اور اچھی طرح چمچہ چلائیں تاکہ تمام اجزاء آپس میں یکجان ہوجائیں، اب اس میں مرغی کا گوشت شامل کریں اور اچھی طرح مکس کرلیں،اب اس میں سیاہ زیتون اور پارسلے شامل کریں اور اچھی طرح مکس کریں۔
اب اس میں ابلا ہوا پینی پاستا شامل کریں اور تمام چیزوں کے یکجان ہوجانے تک اچھی طرح مکس کرلیں۔ گرما گرم چکن الفریڈو پاستا نوش فرمائیں۔