ایرانی وزیر داخلہ اہم دورے پر پاکستان پہنچ گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(انورعباس) ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی صدر مسعود پزشکیان کا پیغام لے کر اہم دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے ہیں، وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی ہم منصب کا ائیر پورٹ پر خیر مقدم کیا۔

پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم بھی موجود تھے،وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے ایرانی وزیر داخلہ کو گلدستہ پیش کیا،اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان آمد پر آپ کو خوش آمدید کہتا ہوں،امید ہے کہ ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی اچھی خبر لے کر آئے ہیں، آپ کے دورہ پاکستان سے دوطرفہ تعلقات کو فروغ ملے گا،علاقائی صورتحال پر بھی پیش رفت کی امید ہے۔
ایرانی وزیر داخلہ کے ہمراہ اعلی سطح کا وفد میں گورنر جنرل سیستان بلوچستان، نائب وزیر داخلہ، نائب وزیر اربن ڈویلپمنٹ ٹرانسپورٹ، نیشنل ایرانی آئل کمپنی کے سربراہ، وزیر زراعت کے خصوصی نمائندے اور دیگر اعلیٰ حکام شامل ہیں۔ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کریں گے۔
بعدازاں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے ایرانی ہم منصب سکندر مومنی نے ملاقات کی، ایرانی وزیر داخلہ نے کہاکہ اپنے بھائی محسن نقوی سے دوبارہ ملاقات کرکے بہت خوشی ہوئی ہے۔ پاکستان اور ایران کے تعلقات فقیدالمثال ہیں۔ پاکستانی حکومت اور عوام کی مہمان نوازی کا ہمیشہ معترف رہا ہوں۔محسن نقوی نے کہاکہ ایرانی وزیر داخلہ کا دورہ مفید رہے گا۔