ایشیاکپ: پاک بھارت میچ سے قبل پاکستان کا بھارت کو دو ٹوک پیغام

Sep 19, 2025 | 14:15:PM
ایشیاکپ: پاک بھارت میچ سے قبل پاکستان کا بھارت کو دو ٹوک پیغام
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں پاک بھارت ٹاکرے سے قبل پاکستان نے بھارت کو دو ٹوک پیغام دیا ہے کہ کرکٹ کے میدان کو سیاست کا اکھاڑہ نہ بنایا جائے اور میچ ’’اسپرٹ آف کرکٹ‘‘ کے تحت کھیلا جائے۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں اتوار کو ہونے والے اس میچ سے پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کو اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ میچ کے آفیشلز کو پہلے ہی واضح ہدایات دی جائیں تاکہ کھیل کے دوران کسی قسم کی سیاسی حرکت نہ ہو۔

یہ خدشات اس وقت پیدا ہوئے جب ابتدائی مرحلے میں کھیلے گئے پاک بھارت میچ میں بھارتی ٹیم کے رویے نے کرکٹ کے کھیل کے آداب کو نقصان پہنچایا۔ اس میچ میں ٹاس کے دوران بھارتی کپتان نے پاکستانی قائد سے مصافحہ نہیں کیا اور میچ کے اختتام پر بھی بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔

 یہ بھی پڑھیں:بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بائیکاٹ کردیا

بھارتی بلے باز سوریا کمار یادو نے میچ کے بعد اپنے انٹرویو میں سیاسی بیانات دیے جبکہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے متنازع فیصلوں نے صورتحال کو مزید کشیدہ کر دیا۔ پی سی بی نے اس رویے پر آئی سی سی سے باضابطہ شکایت درج کرائی اور پائی کرافٹ کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا، بصورت دیگر بائیکاٹ کی دھمکی بھی دی۔ بعد ازاں ریفری کی معافی اور آئی سی سی کی انکوائری کی یقین دہانی کے بعد پاکستان اور یو اے ای کے درمیان میچ ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق سپر فور کے لیے اب تک امپائرز اور ریفریز کی تقرری نہیں کی گئی، تاہم اینڈی پائی کرافٹ کے ساتھ رچی رچرڈسن کا نام بھی زیرِ غور ہے۔ ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ میدان سے باہر کے معاملات سے دور رہتے ہوئے اپنی توجہ صرف کھیل پر مرکوز رکھیں اور بھارت کے خلاف جیت کو یقینی بنائیں۔