پرویز الہی کے مشیران کی تعیناتی کیخلاف درخواست ناقابل سماعت قرار

Sep 19, 2022 | 09:54:AM
لاہورہائیکورٹ نے وزیراعلی پرویز الہی کے مشیران کی تعیناتی کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی
کیپشن: وزیراعلیٰ پرویز الہی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) لاہورہائیکورٹ نے وزیراعلی پرویز الہی کے مشیران کی تعیناتی کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔

جسٹس فیصل زمان خان نے شہری شہزاد کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے میاں محمد آصف محمود ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ جسٹس فیصل زمان خان نے وکیل سے مکالمہ کیا کہ یہ درخواست کس طرح قابل سماعت ہے،  جس پر وکیل نے کہا کہ مشیران کی تعیناتی کے حوالے سے کوئی قانون نہیں، مفاد عامہ کے تحت درخواست دی۔

یہ بھی پڑھیں:اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کا سالانہ اجلاس، بلاول بھٹو امریکہ پہنچ گئے

جسٹس فیصیل زمان نے ریمارکس دیئے کہ اسی طرح زبانی کلامی آگئے ہیں، مفاد عامہ کی درخواست ہے تو اس میں تفصیل بھی لکھنی تھی، یہ درخواست کس طرح قابل سماعت ہے اور آپ کس طرح یہ درخواست دائر کرسکتے ہیں۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ مشیران کی تعیناتی کے حوالے سے کوئی قانون نہیں۔ جس پر جسٹس فیصل زمان نے کہا کہ قانون نہیں تو پھر کیا ہوا، آپ متعلقہ فورم پر جائیں اور وہاں درخواست کا فیصلہ کروائیں۔

خیال رہے درخواست میں وزیر اعلی پنجاب کو بذریعہ پرنسپل سیکرٹری فریق بنایا گیا، جس میں موقف اپنایا گیا کہ پرویز الہی نے 30 سے زائد افراد کو سیاسی مشیر تعینات کیا ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ کیس کے حتمی فیصلے تک وزیر اعلی کے مشیران کو کام سے روکنے کا حکم دیا جائے۔