ڈائیلاسزکے مریضوں کے درد کو بخوبی سمجھتا ہوں،اسی لئےسینٹر قائم کیا،ڈاکٹر گوہر اعجاز

2006میں جناح ہسپتال میں ذاتی وسائل سے ڈائیلاسز سینٹر کا آغاز کیاجوپنجاب کا سب سے بڑا سینٹر بن چکا

Jun 19, 2026 | 15:54:PM
ڈائیلاسزکے مریضوں کے درد کو بخوبی سمجھتا ہوں،اسی لئےسینٹر قائم کیا،ڈاکٹر گوہر اعجاز
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(افشاں رضوان)سابق نگران وفاقی وزیرڈاکٹرگوہراعجازنے کہاہے کہ ڈائیلاسز کے عمل کی تکلیف کو خود قریب سے دیکھا ہے ۔
سابق نگران وفاقی وزیر و چیئرمین بورڈآف مینجمنٹ جناح ہسپتال لاہورڈاکٹر گوہر اعجاز نےشیخ اعجاز ڈائیلاسز سینٹر کے دورے کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ جب میرے والد کے ڈائیلاسز ہوتے تھے تو وہ ایک مشکل وقت تھا ،مجھے اپنے والد کو ڈائیلاسز کے لئے آمادہ کرنا انتہائی مشکل مرحلہ ہوتا تھا،ڈائیلاسز کے عمل کی تکلیف کو خود قریب سے دیکھا ہے ۔
ڈاکٹر گوہر اعجازنے کہاکہ مریضوں اور انکے اہل خانہ کے درد کو بخوبی سمجھتا ہوں،اسی دکھ کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈائیلاسز سینٹر قائم کیا،2006میں ڈائیلاسز سینٹر کی بنیاد رکھی اورجناح ہسپتال میں اپنے ذاتی وسائل سے ڈائیلاسز سینٹر کا آغاز کیا،ابتدائی دور میں ایک مریض کے ڈائیلاسز پر 60 ہزار ماہانہ خرچ آتا تھالیکن آج ڈائیلاسز کی لاگت ڈیڑھ سے 2لاکھ روپے تک پہنچ چکی ہے۔
 گوہراعجازنے کہاکہ 20سال بعد یہ ڈائیلاسز سینٹر پنجاب کا سب سے بڑا سینٹر بن چکاہے ،اس ڈائیلاسز سینٹر کے قیام میں اجازت دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، سینٹر میں 60 ڈائیلاسز مشینیں موجودہیں جہاں روزانہ 50 سے زائد ڈائیلاسز کئےجاتے ہیں۔
گوہراعجازنے مزیدکہاکہ کوالٹی سٹینڈرڈز کو بین الاقوامی معیار پر لانے کیلئے مسلسل کام کیاہے،20سال سے کوالٹی اسٹینڈرڈز پر ٹیم کی مکمل توجہ رہی ہے ،جناح ہسپتال کے مختلف ڈیپارٹمنٹس میں ٹیم نے ذمہ داریاں سنبھال کر کام کیا،کورونا وائرس کے دوران ہر ڈیپارٹمنٹ میں جا کر نظام کو بہتر بنایا،ہسپتال کے پرانے ڈیپارٹمنٹس کی اپ گریڈیشن کیلئے منصوبہ بندی کی گئی،ایچ ایم آئی ایس سسٹم کی بنیاد رکھی گئی اور مکمل سسٹم ڈویلپ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرلیم مصنوعات پر عوام کوجلد اچھی خبر دیں گے،علی پرویزملک
ڈاکٹر گوہراعجازنے کہاکہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے سسٹم تیار کیا گیا،ہسپتال میں سافٹ ویئر ،کمپیوٹرائزڈ سسٹم پر 50 کروڑ تک لاگت آئی،سسٹم کو مکمل طور پر نافذ کرنے میں تین سال لگے،سالانہ 30 لاکھ سے زائد مریض جناح ہسپتال سے مستفید ہوتے ہیں،روزانہ ہزاروں مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،پنجاب کے دیگر ہسپتالوں میں بھی یہی سافٹ ویئر فراہم کیا گیاہے،مریضوں اور تیمارداروں کے لیے مفت کھانے کا سلسلہ شروع بھی کیا گیاہے جس کے تحت روزانہ 12 سے 13 ہزار افراد کو تین وقت کا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے،چلڈرن ہسپتال اور سروسز ہسپتال میں بھی یہی نظام متعارف کرایا گیاہے۔