شہرت کی بلندیوں پر پہنچ کر بھی زمین پر، سنیل گروور کا انوکھا انداز وائرل

Jun 19, 2026 | 14:28:PM
شہرت کی بلندیوں پر پہنچ کر بھی زمین پر، سنیل گروور کا انوکھا انداز وائرل
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک )شوبز کی دنیا میں چمک دمک، لگژری طرزِ زندگی اور وی آئی پی سہولیات سے جڑی سمجھی جاتی ہے تاہم بھارتی اداکار اور کامیڈین سنیل گرور اپنی سادگی اور زمین سے جڑی ہوئی شخصیت کے باعث ایک منفرد پہچان رکھتے ہیں  لیکن اس بار وہ کسی پرفارمنس کی وجہ سے نہیں بلکہ ایک سادہ مگر دل کو چھو لینے والے عمل کی وجہ سے خبروں کی زینت بن گئے ہیں جس نے سوشل میڈیا پر سب کو متاثر کیا ہے۔

 حال ہی میں سنیل گرور نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جو تیزی سے انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئی۔ یہ منظر بھارت کی ریاست اتراکھنڈ کے مشہور مقام تریوینی گھاٹ، ریشیکیش میں ریکارڈ کیا گیا تھا۔ ویڈیو میں وہ کسی لگژری ہوٹل کے بجائے کھلے آسمان تلے عام لوگوں کے ساتھ فٹ پاتھ پر لیٹے اور سوتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں جہاں زمین پر ایک سادہ چادر بچھی ہوئی ہے سر کے نیچے تکیہ رکھا گیا ہے اور ان کے جوتے بھی قریب موجود ہیں۔

 انہوں نے اس ویڈیو کے ساتھ صرف تین الفاظ پر مشتمل کیپشن لکھا کہ زمین پر ستارے جو اس منظر کو مزید گہرا اور معنی خیز بنا دیتا ہے۔

 یہ ویڈیو سامنے آتے ہی تیزی سے وائرل ہو گئی اور نہ صرف مداحوں بلکہ شوبز شخصیات کی جانب سے بھی اسے بھرپور پذیرائی ملی۔ سوشل میڈیا صارفین نے سنیل گرور کی عاجزی اور سادگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کامیابی کے باوجود زمین سے جڑا رہنا واقعی قابلِ تعریف رویہ ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ ایک ہی تو دل ہے کتنی بار جیتو گے؟ جبکہ ایک اور نے کہاکہ یہی بات ہے کہ آپ کو محبتیں ملتی ہیں۔ ایک اور تبصرے میں اسے عاجزی کی ایک خوبصورت مثال قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ دولت اور شہرت کے باوجود غرور سے دور رہنا واقعی ایک نایاب خوبی ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ سنیل گرورنے اپنی سادہ زندگی اور عام لوگوں سے جڑنے والے انداز سے مداحوں کے دل جیتے ہوں۔ اس سے قبل بھی وہ کئی بار ایسی ویڈیوز شیئر کر چکے ہیں جن میں وہ عام بھارتی روزمرہ زندگی کا حصہ بنتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔

کچھ ماہ پہلے ایک ویڈیو میں وہ سڑک کنارے لگے ایک چھوٹے سے خیمے میں کوئلے سے چلنے والے استری سے کپڑے استری کرتے ہوئے نظر آئے تھے۔ اسی طرح وہ گنے کا رس نکالتے اور ایک عام چائے کے کھوکھے پر خود چائے تیار کر کے لوگوں کو پیش کرتے بھی دکھائی دیے ہیں