اسلحہ و شراب برآمدگی کیس: علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل

Jun 19, 2025 | 13:04:PM
اسلحہ و شراب برآمدگی کیس: علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے گئے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور کیخلاف شراب و اسلحہ برآمدگی کے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر علی امین گنڈاپور عدالت کے سامنے پیش ہوئے،وکیل راجہ ظہور الحسن نےعدالت کو بتایا کہ پشاور ہائیکورٹ نے 3 جولائی تک علی امین گنڈاپور کی ضمانت منظور کر رکھی ہے، استدعا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے عدالت پیش ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کئے جائیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ 342 کے سوال نامہ کے جواب جمع کرا دیں، کب تک جواب جمع کرائیں گے؟ جس پر علی امین گنڈاپور کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی کہ خیبر پختونخوا کے بجٹ کے بعد جواب عدالت میں جمع کرا دیں گے۔

بعد ازاں عدالت نے اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے اور کیس کی سماعت 2 جولائی تک ملتوی کر دی۔

خیال رہے کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ بہارہ کہو میں اسلحہ اور شراب برآمدگی کا کیس درج ہے۔