تقرروتبادلے؛ ماجد محسن پنہوار کی خدمات گلگت بلتستان کے سپرد،محمد اصغرکی اوگرامیں تعیناتی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(بابر شہزاد تُرک)وفاقی حکومت نے بیوروکریسی میں تقرر و تبادلوں اور ایک پولیس افسر کو معطل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری الگ الگ نوٹیفکیشنز کے مطابق اوگرا میں تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، گریڈ 20 کے ماجد محسن پنہوار کی خدمات حکومت گلگت بلتستان کے سپرد کی گئی ہیں جبکہ پاکستان نیشنل کمیشن فار یونیسکو میں تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 19 کے محمد اصغر کو تبدیل کر کے ان کی خدمات آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے سپرد کی گئی ہیں، نوٹیفکیشن کے مطابق محمد اصغر کی اوگرا میں ڈیپوٹیشن پر تعیناتی ابتدائی طور پر ایک سال کیلئے ہے۔
دریں اثناء، پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 20 (ایکٹنگ چارج) کے محمد ہارون جوئیہ کے این سی سی آئی اے میں تبادلے کے احکامات تبدیل کر کے ان کی خدمات نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے سپرد کی گئی ہیں، دوسری جانب بلوچستان حکومت میں تعینات پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 18 کے محمد یوسف بھنگر کو فوری طور پر 120 روز کیلئے معطل کیا گیا ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق محمد یوسف بھنگر کی معطلی سول سرونٹس (ایفی شنسی اینڈ ڈسپلن) رولز 2020 کے رول 5 کے تحت کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں، وفاقی حکومت نے مواصلات ڈویژن کے سپیشل سیکریٹری علی شیر محسود کو چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا اضافی چارج تفویض کیا ہے، دیگر نوٹیفکیشنز کے مطابق مذہبی امور ڈویژن کے سیکشن افسر محمد عدنان کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو واپس کی گئی ہیں، جبکہ خیبرپختونخوا حکومت کے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ پروفیسر شعبان علی کا تبادلہ کرکے انہیں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے خیبرپختونخوا ریجن میں ڈپٹی ڈائریکٹر تعینات کیا گیا ہے جبکہ خزانہ ڈویژن کی سیکشن افسر ڈاکٹر عائشہ نذیر کو تعلیمی رخصت پر بیرون ملک روانگی کے باعث او ایس ڈی مقرر کیا گیا ہے۔
مزید برآں، سیکشن افسر شہاب الدین کا داخلہ ڈویژن سے بحری امور ڈویژن کے پورٹس اینڈ شپنگ ونگ میں تبادلہ کیا گیا ہے جبکہ سیکشن افسر فہد محمود مرزا کا آئی ٹی ڈویژن سے نجکاری ڈویژن تبادلہ کیا گیا ہے، علاوہ ازیں، خیبرپختونخوا حکومت کے محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی سب ڈویژنل ایجوکیشن آفیسر، نور خدیجہ کا تبادلہ کر کے انہیں 3 سال کیلئے ڈیپوٹیشن پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے خیبرپختونخوا ریجن میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعینات کیا گیا ہے، مزید برآں خیبرپختونخوا حکومت کے محکمۂ صحت کے میڈیکل افسر ڈاکٹر فضل اکبر صافی کا تبادلہ کر کے انہیں ڈیپوٹیشن پر پولی کلینک ہسپتال میں میڈیکل افسر تعینات کیا گیا ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام تقرر و تبادلوں اور معطلی کے حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشنز جاری کر دیئے ہیں۔