بھارت سے کشیدگی: پاکستان ٹیکنالوجی کے میدان میں ابھرتی طاقت بن کر سامنے آیا، وزیر آئی ٹی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان ٹیکنالوجی کے میدان میں دنیا کے سامنے ایک ابھرتی ہوئی طاقت کے طور پر سامنے آیا ہے۔
وہ ایک اہم تقریب سے خطاب کر رہی تھیں جہاں انہوں نے آئی ٹی کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت اور مستقبل کی سرمایہ کاری سے متعلق خوشخبریاں بھی سنائیں۔
شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ آنے والے چند سالوں میں پاکستان کے آئی ٹی شعبے میں 70 کروڑ ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری متوقع ہے، جو ملکی معیشت کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:سونے کی فی تولہ قیمت میں 12400 روپے کی کمی ریکارڈ
انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، جن میں ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ، پالیسی ریٹ اور مہنگائی کی شرح میں واضح کمی شامل ہیں۔
وفاقی وزیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان نے 20 کروڑ موبائل سبسکرائبرز کا اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے، جو ڈیجیٹل ترقی کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں افواجِ پاکستان نے بھارت کی جارحیت کا بہادری سے جواب دیا، اور اس دوران پاکستان کا ٹیکنالوجی کا مؤقف اور صلاحیتیں دنیا کے سامنے نمایاں ہوئیں۔
شزا فاطمہ نے مزید کہا کہ حکومت معیشت کی بہتری کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے اور موجودہ اعداد و شمار اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ پاکستان کی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کیا واقعی پنجاب میں گرمیوں کی تعطیلات 22 مئی سے شروع ہوں گی؟اہم خبر آ گئی