گفتگو تکرار سے زیادہ خوبصورت ،مؤثر راستہ ہے: بلاول بھٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ پیش رفت سے ثابت ہوا ہے کہ گفتگو تکرار سے زیادہ خوبصورت اور مؤثر راستہ ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا علمبردار ہے اور خطے میں امن صرف اخلاقی ضرورت نہیں بلکہ معاشی ترقی کے لیے بھی ناگزیر ہے، کیونکہ امن کی فضا میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اتفاق رائے کے ذریعے آئینی اور جمہوری حل نکالا گیا، انہوں نے یقین دلایا کہ این ایف سی ایوارڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا جائے گا اور وفاق نے اس حوالے سے صوبوں کو مکمل یقین دہانی کرائی ہے۔
مزید پڑھیں:خیبرپختونخوا کا بجٹ 19جون کوپیش کرنے کا فیصلہ
انہوں نے کہا کہ قومی دفاع کے لیے صوبے اپنا کردار ادا کریں گے، اگرچہ صوبائی حکومتوں کو بھی مالی مشکلات کا سامنا ہے، ان کے مطابق آئندہ دو سے تین برس تک صوبے دفاعی ضروریات کے لیے وفاق کی معاونت کریں گے، بلاول بھٹو نے کہا کہ صوبائی حکومتوں نے ماضی میں بھی قربانیاں دی ہیں اور آج بھی قومی مفاد میں اپنا حصہ ڈال رہی ہیں۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے خیبر پختونخوا حکومت کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود صوبائی حکومت قومی مفاد میں دفاعی اخراجات کے لیے حصہ دینے پر آمادہ ہوئی، جو قابل تحسین اقدام ہے۔
انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو نشانہ بنانے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاشی مشکلات کے خاتمے کے لیے اس پروگرام کو مزید وسعت دی جانی چاہیے، بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ دفاع کے علاوہ وفاق کسی اور مد میں صوبوں سے مالی معاونت طلب نہیں کرے گا، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کو درپیش تمام مسائل سیاسی اتفاق رائے اور جمہوری طریقہ کار کے ذریعے حل کیے جانے چاہئیں۔