لاس اینجلس میں پولیس سٹیشن میں دھماکے سے 3 افراد ہلاک
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)لاس اینجلس کاؤنٹی شیرف کے پولیس تربیتی مرکز میں ایک خوفناک دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں کم از کم 3 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی ’لاس ینجلس ٹائمز ‘کے مطابق یہ واقعہ شہر کے مضافاتی علاقے مونٹیری پارک میں واقع بسکیلوز ٹریننگ سینٹر میں پیش آیا،دھماکہ صبح 7:30 بجے سے کچھ دیر پہلے اُس وقت ہوا جب شیرف کے خصوصی انفورسمنٹ بیورو سے منسلک بم سکواڈ کے اہلکار مبینہ طور پر کچھ دھماکہ خیز مواد منتقل کر رہے تھے،اسی دوران اچانک زور دار دھماکہ ہوا جس نے مرکز میں موجود عملے کو ہلا کر رکھ دیا۔
فائر ڈیپارٹمنٹ ،ایمرجنسی ریسپانس یونٹس اور بم سکواڈ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں، علاقہ فوری طور پر گھیرے میں لے لیا گیا اور مرکز کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاہم دھماکے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی،ابتدائی معلومات کے مطابق، حادثہ ممکنہ طور پر منتقلی کے دوران احتیاطی تدابیر میں کمی کے باعث پیش آیا، لیکن حتمی نتیجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گا۔
مرنے والوں کی شناخت فوری طور پر ظاہر نہیں کی گئی تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ تربیتی عملے اور بم سکواڈ سے تعلق رکھتے تھے۔
یہ تربیتی مرکز ایل اے کاؤنٹی شیرف کے محکمے کا ایک اہم ادارہ ہے، جہاں خاص طور پر بم ڈسپوزل، ہتھیاروں کی تربیت اور ہائی رسک آپریشنز کی تیاری کروائی جاتی ہے۔
حادثے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم حکام نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ صورتحال پر قابو پا لیا گیا ہے اور مزید خطرے کا کوئی خدشہ نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان، افغانستان، ازبکستان ریلوے منصوبے کی کامیابی کےکتنےامکانات؟