ذوالحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اقصیٰ شیخ،عثمان خان)ذوالحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہوگا۔
وزارت مذہبی امورکے مطابق ذوالحج 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 29 ذوالقعدہ 17 مئی کو محکمہ موسمیات کراچی میں ہوگا،اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں طلب کیے گئے ہیں۔
وزارت مذہبی امور نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
آج ذوالحج کا چاند نظر آنے کی صورت میں عیدالاضحیٰ بدھ 27 مئی کو ہوگی، جبکہ چاند نظر نہ آنے کی صورت میں عید جمعرات 28 مئی کو ہوگی۔
یاد رہے کہ ذوالحجہ 1447 ہجری کے چاند کی متوقع رویت سے متعلق سپارکو نے اپنی پیشگوئی میں کہا تھا کہ ذوالحجہ 1447 ہجری کا نیا چاند 17 مئی 2026 کو رات 1 بج کر 1 منٹ پر پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق پیدا ہونے کی توقع ہے،17 مئی 2026 کو غروب آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:خیبر پختونخوا کابینہ میں توسیع،آج کون کون حلف اٹھائے گا؟
سپارکو کے مطابق پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب ماہتاب کے درمیان تقریباً 60 منٹ کا وقفہ متوقع ہے،ان فلکیاتی اعداد و شمار کی بنیاد پر 17 مئی 2026 کی شام ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کے امکانات موافق تصور کیے جا رہے ہیں،سپارکو نے امکان ظاہر کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ 27 مئی کو ہوگی،تاہم حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔