پاک ایران تعلقات میں اہم پیشرفت، دونوں ملکوں کے سربراہوں میں اہم ملاقات کا امکان

May 17, 2023 | 11:23:AM
پاک ایران تعلقات میں اہم پیشرفت، دونوں ملکوں کے سربراہوں میں اہم ملاقات کا امکان
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی جمعرات کو ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات بلوچستان کے علاقے پشین میں متوقع ہے اور پاک ایران دوطرفہ تعلقات میں اہم پیشرفت ہوگی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم ملاقات کیلئے 18 مئی کو خصوصی طور پر بلوچستان کا دورہ کریں گے۔

ایران کی جانب سے سرکاری حکام اور شہباز شریف مشترکہ طور پر ایران سے 100 میگاواٹ بجلی درآمد کرنے کے منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ پاکستان اس وقت ایران سے 2 سو میگاواٹ بجلی درآمد کر رہا ہے۔ بجلی کی درآمد کو 5 سو میگاواٹ تک بڑھانے کی گنجائش موجود ہے۔

ذرائع کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے ایران پاکستان بارڈر مارکیٹ کا باضابطہ افتتاح کرنے کا بھی امکان ہے۔

وزیراعظم ایرانی صدر کے ہمراہ ایران سے بجلی کی درآمد پر بریفنگ بھی دیں گے۔ ایران اور پاکستان کی سرحد پر تین نئی تجارتی منڈیاں بھی کھولی جا رہی ہیں۔

ذرائع نےمزید بتایا کہ مند کے مقام پر پاک ایران تجارتی منڈی کھول دی گئی ہے جبکہ دیگر دو منڈیوں کو کھولنے کا کام جاری ہے۔